امریکا کا چینی طلبا کے ویزے منسوخ کرنے کا اعلان

امریکا نے چینی طلبا کے ویزے منسوخ کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کے مطابق ایسے چینی طلبا جن کا تعلق براہِ راست یا بالواسطہ چینی کمیونسٹ پارٹی سے ہے، ان کے ویزے منسوخ کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اہم اور حساس شعبوں میں تعلیم حاصل کرنے والے چینی شہریوں کو بھی اس فیصلے کا سامنا کرنا پڑے گا۔

امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق ویزا کے معیار میں ترمیم کی جائے گی اور چین و ہانگ کانگ سے آنے والی نئی ویزا درخواستوں کی سخت جانچ پڑتال کی جائے گی۔ اس ضمن میں امریکی سفارت خانوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ وقتی طور پر طلبہ کے ویزوں کے لیے اپائنٹمنٹس کا شیڈول بند کر دیں تاکہ درخواست دہندگان کی سوشل میڈیا پروفائلز کی تفصیلی جانچ کی جا سکے۔

محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ اگرچہ پہلے سے طے شدہ اپائنٹمنٹس معمول کے مطابق ہوں گی، مگر مستقبل میں سوشل میڈیا سمیت دیگر پس منظر کی جانچ کو مرکزی اہمیت دی جائے گی۔ دوسری جانب ٹرمپ انتظامیہ نے امریکی کمپنیوں کو بھی ہدایت دی ہے کہ وہ چینی کمپنیوں کو مصنوعات کی فروخت سے گریز کریں۔

یہ اقدامات امریکا اور چین کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی اور ٹیکنالوجی کے میدان میں جاری سرد جنگ کا حصہ سمجھے جا رہے ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اس فیصلے سے نہ صرف تعلیمی شعبے پر اثر پڑے گا بلکہ امریکا میں اعلیٰ تعلیم کے لیے آنے والے چینی طلبا کی تعداد میں بھی نمایاں کمی کا خدشہ ہے

Author

اپنا تبصرہ لکھیں