وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے ترکیہ کے صدر رجب طیب ایردوان سے ملاقات کے دوران جنوبی ایشیا میں حالیہ کشیدہ صورتحال کے دوران پاکستان کی حمایت پر ترکیہ کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔
وزیراعظم آفس سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق، وزیراعظم شہباز شریف اتوار کو ترکیہ کے دو روزہ سرکاری دورے پر استنبول پہنچے، جہاں ان کی ملاقات ترک صدر رجب طیب ایردوان سے ہوئی۔ اس اہم ملاقات کے موقع پر چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر بھی ان کے ہمراہ تھے۔
ملاقات میں وزیراعظم نے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کی مضبوطی پر زور دیا اور کہا کہ، جنوبی ایشیا میں حالیہ واقعات کے دوران ترک حکومت اور عوام نے جس مستقل اور غیر متزلزل حمایت کا مظاہرہ کیا، وہ قابل تحسین ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے دونوں ممالک کے درمیان معاشی تعاون بڑھانے کی ضرورت پر بھی زور دیا، بالخصوص مشترکہ منصوبوں، قابل تجدید توانائی، انفارمیشن ٹیکنالوجی، دفاعی صنعت اور دیگر باہمی دلچسپی کے شعبوں میں دو طرفہ سرمایہ کاری کو فروغ دینے کی خواہش کا اظہار کیا۔
دونوں رہنماؤں نے ملاقات کے دوران دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا تفصیل سے جائزہ لیا اور سٹریٹجک شراکت داری کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔ اس کے ساتھ ساتھ، انہوں نے مسئلہ کشمیر سمیت ایک دوسرے کے کلیدی قومی مفادات سے متعلق معاملات پر اصولی حمایت جاری رکھنے کے عہد کی بھی تجدید کی۔
ترک صدر کے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا گیا کہ، ترکیہ اور پاکستان نے ہر شعبے میں باہمی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ، خدا کرے کہ، پاکستان اور ترکیہ کا اتحاد، یکجہتی اور بھائی چارہ ہمیشہ قائم و دائم رہے۔