بھارت کی دہلی اسمبلی کے انتخابات میں مرکزی حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے عام آدمی پارٹی کو شکست دے کر اسمبلی میں اکثریت حاصل کرلی۔
دہلی اسمبلی کیلئے 5 فروری کو انتخابات ہوئے تھے جس کے بعد آج تک ووٹوں کی گنتی جاری ہے ۔دہلی میں حکومت بنانے کیلئے 70 میں سے 38 نشستیں درکار ہوتی ہیں ، اب تک کے نتائج کے مطابق بھارتیہ جنتا پارٹی نے اسمبلی میں سادی اکثریت حاصل کر لی ہے ۔
بھارتی الیکشن کمیشن کی طرف سے جاری کردہ نتائج کے مطابق دہلی اسمبلی کی 70 میں سے بھارتیہ جنتا پارٹی نے 44 نشستیں جیت لی ہیں اور اسے مزید 4 نشستوں پر بھی برتری حاصل ہے۔
دہلی میں گزشتہ 10سال سے برسر ِاقتدار عام آدمی پارٹی ابھی تک 21 نشستوں پر کامیاب ہو سکی ہے اور اسے مزید ایک نشست پر برتری حاصل ہے ۔ تاہم کانگریس دہلی اسمبلی میں ایک بھی نشست نہیں جیت سکی ۔
دہلی اسمبلی کے انتخابات میں بھارتیہ جنتا پارٹی نے 27 سال بعد کامیابی حاصل کی ہے، اس سے قبل 1998 میں سشما سوراج دہلی میں بھارتیہ جنتا پارٹی کی آخری وزیراعلیٰ رہی تھیں۔
عام آدمی پارٹی نے 10 سال بعد دہلی اسمبلی میں اکثریت کھودی ہے اور عام آدمی پارٹی کے سابق وزیراعلیٰ اروند کیجریوال بھی اپنی نشست سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں ۔
عام آدمی پارٹی کے سربراہ اروند کیجریوال نے انتخابات میں اپنی شکست تسلیم کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ عوامی مینڈیٹ کو تسلیم کرتے ہوئے بھارتیہ جنتا پارٹی کو کامیابی پر مبارکباد دیتے ہیں ۔