دنیا کی مقبول ترین ویڈیو گیمز میں شامل گرینڈ تھیفٹ آٹو 6 کی ریلیز 19 نومبر 2026 کو ہونے جا رہی ہے، جس کے باعث مختلف ممالک میں ملازمین اور طلبہ کی بڑی تعداد کے چھٹیاں لینے کی پیش گوئیاں سامنے آ رہی ہیں۔
گیم بنانے والی کمپنی راک اسٹار گیمز نے 19 نومبر کی تاریخ کی تصدیق کی ہے۔ یہ گیم ابتدا میں پلے اسٹیشن 5 اور ایکس باکس سیریز ایکس اور ایس کے لیے دستیاب ہوگی۔
عالمی میڈیا میں اس حوالے سے دلچسپ بحث جاری ہے کہ گیم کے شوقین افراد اس کی ریلیز کے موقع پر دفاتر اور تعلیمی اداروں سے چھٹیاں لے سکتے ہیں۔ اس ممکنہ رجحان کو بعض حلقوں میں ’’جی ٹی اے فلو‘‘ کا نام دیا جا رہا ہے۔
مختلف رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ صرف امریکا میں تقریباً 15 لاکھ افراد گیم کھیلنے کے لیے چھٹی لے سکتے ہیں، جبکہ برطانیہ اور بھارت سمیت دیگر ممالک میں بھی چھٹیوں کی درخواستوں میں اضافے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔ تاہم ان اعدادوشمار کی آزادانہ تصدیق نہیں ہو سکی۔
چونکہ گیم جمعرات کو ریلیز ہو رہی ہے، اس لیے بعض شائقین جمعہ کی چھٹی لے کر چار روزہ تعطیلات گزارنے کی منصوبہ بندی بھی کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ اس سیریز کا پچھلا حصہ جی ٹی اے 5 ستمبر 2013 میں ریلیز ہوا تھا۔ تقریباً 13 سال بعد آنے والے نئے حصے کے لیے دنیا بھر میں غیرمعمولی دلچسپی پائی جا رہی ہے۔
ماہرین کے مطابق جی ٹی اے 6 کی ریلیز ویڈیو گیمز کی صنعت کے اہم ترین تجارتی مواقع میں سے ایک ثابت ہو سکتی ہے، تاہم اس کے معاشی اثرات اور فروخت کے حتمی اعدادوشمار گیم کی ریلیز کے بعد ہی واضح ہوں گے۔