معاشرہ اس وقت زوال پذیر ہوتا ہے جب اس میں برائی کو برائی سمجھنے، حق کو حق کہنے اور غلط کے خلاف کھڑے ہونے کی جرأت ختم ہو جائے۔ جب جھوٹ بولنے والا شرمندہ ہونے کے بجائے فخر محسوس کرے، دھوکا دینے والا خود کو ذہین سمجھے، بددیانت شخص عزت دار کہلائے اور سچ بولنے والا اپنی بات کی وضاحتیں پیش کرتے کرتے تھک جائے تو سمجھ لینا چاہیے کہ معاشرہ ترقی کے راستے پر نہیں بلکہ زوال کی ڈھلوان پر سفر کر رہا ہے۔ معاشروں کی تباہی کسی ایک دن، ایک واقعے یا کسی ایک حکمران کے فیصلے سے نہیں ہوتی بلکہ یہ ایک طویل عمل کا نتیجہ ہوتی ہے۔ اس عمل میں اخلاقی اقدار کمزور پڑتی ہیں، فکری شعور زوال کا شکار ہوتا ہے، انصاف طبقاتی تقسیم کی نذر ہو جاتا ہے اور ادارے اپنی اصل ذمہ داریوں سے ہٹ کر مخصوص مفادات کے محافظ بن جاتے ہیں۔ بظاہر زندگی رواں دواں رہتی ہے، بازار آباد ہوتے ہیں، عمارتیں بلند ہوتی ہیں، سڑکیں وسیع ہوتی ہیں اور ترقی کے دعوے بھی کیے جاتے ہیں، لیکن اندر سے معاشرے کی بنیادیں کھوکھلی ہو رہی ہوتی ہیں۔ یہی وہ مرحلہ ہوتا ہے جہاں قومیں اپنی سمت کھو دیتی ہیں اور انہیں اپنے زوال کا احساس بھی نہیں ہوتا۔
معاشرتی زوال کی سب سے خطرناک علامت انصاف کا کمزور ہو جانا ہے۔ جس معاشرے میں قانون کا اطلاق سب پر یکساں نہ ہو، وہاں ریاست اور شہریوں کے درمیان اعتماد کا رشتہ قائم نہیں رہ سکتا۔ ایک اور المیہ یہ ہے کہ معاشروں میں حق اور باطل کے درمیان فرق دھندلا جاتا ہے۔ لوگ اصولوں کے بجائے شخصیات، جماعتوں، گروہوں اور اپنے ذاتی مفادات کے ساتھ کھڑے ہونے لگتے ہیں۔ اگر اپنا آدمی غلطی کرے تو اس کے دفاع میں دلائل کے انبار لگا دیے جاتے ہیں، لیکن مخالف وہی کام کرے تو اسے ناقابلِ معافی جرم قرار دیا جاتا ہے۔ یہ دوہرا معیار سیاسی میدان سے نکل کر گھروں، تعلیمی اداروں، کاروبار اور سماجی تعلقات تک پھیل جاتا ہے۔ جہاں سوال کرنے والے کو دشمن اور تنقید کرنے والے کو باغی سمجھا جاتا ہے۔ معاشرتی زوال کی ایک تکلیف دہ شکل اجتماعی بے حسی بھی ہے۔ جب کسی غریب کے گھر کا چولہا نہ جلنے، کسی مظلوم کی داد رسی نہ ہونے، کسی بچے کے ساتھ ناانصافی ہونے یا کسی شہری کے بنیادی حقوق پامال ہونے پر معاشرہ خاموش تماشائی بن جائے تو یہ خاموشی معمولی بات نہیں رہتی بلکہ تباہی کا پیش خیمہ بن جاتی ہے۔ علم، تحقیق اور شعورقوموں کی ترقی کے بنیادی ستون ہیں۔ جس معاشرے میں سوال کرنے کی حوصلہ شکنی ہو، تحقیق کو غیر ضروری سمجھا جائے، اختلافِ رائے کو برداشت نہ کیا جائے اور تعلیم کو صرف ڈگری حاصل کرنے کا ذریعہ بنا دیا جائے، وہاں فکری جمود پیدا ہونا ناگزیر ہے۔ نتیجہ یہ نکلتا ہے کہ ڈگری یافتہ افراد کی تعداد تو بڑھتی ہے لیکن معاشرتی مسائل کو سمجھنے اور ان کے حل تلاش کرنے کی صلاحیت ناپید ہو جاتی ہے۔ اسی طرح خاندان اور سماجی اقدار کی کمزوری بھی معاشرتی زوال کو تیز کرتی ہے۔
پاکستان جیسے معاشرے میں ان تمام علامات پر سنجیدگی سے غور کرنے کی ضرورت ہے۔ ہمارے پاس قدرتی وسائل بھی ہیں، نوجوانوں کی بڑی آبادی بھی، صلاحیتوں کی کوئی کمی بھی نہیں اور دنیا بھر میں اپنی قابلیت منوانے والے افراد بھی موجود ہیں۔ اس کے باوجود ہم بار بار معاشی بحران، سیاسی عدم استحکام، انتظامی کمزوری، تعلیمی پسماندگی اور انصاف کے مسائل کا سامنا کرتے ہیں۔ سوال یہ ہے کہ آخر ہماری صلاحیتیں اجتماعی ترقی میں کیوں تبدیل نہیں ہو رہیں؟ اس کا جواب صرف حکمرانوں کو موردِ الزام ٹھہرانے میں نہیں بلکہ پورے معاشرتی رویے کا جائزہ لینے میں پوشیدہ ہے۔ حکمرانوں کی ذمہ داری اپنی جگہ، مگر شہریوں کی ذمہ داری بھی کم نہیں۔ جو شخص گھر میں بددیانتی کرتا ہے، کاروبار میں ملاوٹ کرتا ہے، اپنے مفاد کے لیے قانون توڑتا ہے اور پھر ریاست سے مثالی نظام کی توقع رکھتا ہے، اسے اپنے کردار کا جائزہ بھی لینا چاہیے۔ تبدیلی کا آغاز ہمیشہ اپنی ذات سے ہوتا ہے، لیکن اس کا سفر اجتماعی اصلاح، ادارہ جاتی تعمیر اور منصفانہ نظام کے قیام تک پہنچنا چاہیے۔ قرآن مجید نے اسی حقیقت کو نہایت واضح انداز میں بیان کیا ہے: اِنَّ اللّٰهَ لَا يُغَيِّرُ مَا بِقَوْمٍ حَتّٰى يُغَيِّرُوا مَا بِاَنْفُسِهِمْ،یعنی بے شک اللہ کسی قوم کی حالت نہیں بدلتا جب تک وہ خود اپنی حالت نہ بدل لے۔سورۃ الرعد۔
تاریخ کا ایک تلخ سبق یہ ہے کہ معاشرے اس وقت تباہ نہیں ہوتے جب ان کے وسائل ختم ہو جائیں بلکہ اس وقت زوال کی طرف بڑھتے ہیں جب وسائل موجود ہوں مگر انہیں درست استعمال کرنے والی دیانت دار قیادت، انصاف پر مبنی نظام، اجتماعی شعور اور واضح ترجیحات باقی نہ رہیں۔ کسی قوم کی اصل ترقی بلند عمارتوں، بڑی شاہراہوں، مہنگی گاڑیوں،بڑے جہاز اور دولت کے انبار سے نہیں بلکہ اس کے انسانوں کے کردار، اداروں کی کارکردگی، قانون کی بالادستی اور کمزور ترین شہری کو ملنے والے انصاف سے ناپی جاتی ہے۔ معاشرہ اس دن زوال پذیر نہیں ہوتا جب برے لوگ طاقتور ہو جاتے ہیں، بلکہ زوال اس دن شروع ہوتا ہے جب اچھے لوگ خاموش، باشعور لوگ مصلحت پسند اور حق پرست لوگ خوف زدہ ہو جاتے ہیں۔ جب برائی کے خلاف آواز اٹھانے والے انگلیوں پر گنے جانے لگیں اور خاموش رہنے والوں کی اکثریت اسے دانش مندی سمجھنے لگے تو پھر اصلاح کی امید بھی کمزور پڑ جاتی ہے۔ سوال یہ نہیں کہ ہمارے معاشرے میں برے لوگ کتنے ہیں، اصل سوال یہ ہے کہ اچھے لوگ اپنی ذمہ داری ادا کرنے کے لیے کتنے تیار ہیں؟ کیونکہ قوموں کا مستقبل صرف طاقتور لوگوں کے فیصلوں سے نہیں بلکہ خاموش اکثریت کے کردار سے بھی تشکیل پاتا ہے۔ اگر ہم نے آج اپنے اجتماعی ضمیر کو بیدار نہ کیا، حق کو مفاد پر ترجیح نہ دی، انصاف کو طاقتور اور کمزور کے لیے یکساں نہ بنایا اور اپنی آنے والی نسلوں کو کردار، علم اور دیانت کی دولت نہ دی تو کل ہمارے پاس ترقی کے دعوے تو ہوں گے، مگر ایک مضبوط، باوقار اور زندہ معاشرہ نہیں ہوگا۔