صحت کے نام پر جو کچھ آپ نگل رہے ہیں، اس کی جانچ پڑتال بھی کوئی کرتا ہے؟

اس سال اگست میں ایف آئی اے نے اسلام آباد کے علاقے روات میں ایک مکان سیل کیا اور تقریباً 15 لاکھ خالی کیپسول شیلز، 66 ہزار سے زائد خالی بوتلیں اور ایک ٹن سے زیادہ خام مال برآمد کیا، جن میں نیوٹراسیوٹیکل اجزا بھی شامل تھے۔ اس کارروائی سے یہ ثابت نہیں ہوتا کہ کسی فارمیسی کی شیلف پر رکھا ہوا کوئی سپلیمنٹ جعلی ہے۔ لیکن یہ ضرور ثابت ہوتا ہے کہ لائسنس یافتہ نظام سے باہر کیپسول بنانے کی مشینری ضرور موجود ہے، اور یہ کسی رہائشی محلے کے اندر بھی ہوسکتی ہے۔

پالیسی سازوں کو اس پر ابھی فکر ہونی چاہیے، کیونکہ دو چیزیں ایک ساتھ ہو رہی ہیں۔ سپلیمنٹس کی مارکیٹ تیزی سے پھیل رہی ہے، اور وہ بین الاقوامی کمپنیاں جو کبھی پاکستان کی دوا سازی کی صنعت میں بیرونی آڈٹ اور سپلائرز کے معیارات لے کر آئی تھیں، رخصت ہو رہی ہیں۔ وزیر صحت نے نومبر 2025 میں قومی اسمبلی کو بتایا کہ بائر، آئی سی آئی پاکستان، سینوفی-ایونٹس، فائزر اور نوارٹس نے پاکستان میں مقامی پیداوار منتقل کر دی ہے یا ختم کر دی ہے۔ لنڈبیک نے بھی کرنسی کی قدر میں کمی اور قیمتوں پر کنٹرول کو وجہ بتاتے ہوئے اپنی روانگی کا اعلان کیا، اور اب اس وقت مقامی کمپنیوں کے پاس دوا سازی کی مارکیٹ کا 70 فیصد سے زائد حصہ ہے۔ اس کا مطلب یہ نہیں کہ معیار گر گیا ہے۔ بہت سے مقامی مینوفیکچررز بین الاقوامی معیار پر پورا اترتے ہیں، اور پاکستان سے جانے والی کمپنیوں  کی کہی اور بھی وجوہات ہیں۔ اب چونکہ ملک میں بیرونی آڈیٹرز کم ہیں تو معیار کی بنیاد کا بوجھ زیادہ تر ریگولیٹرکے کندھوں پر آ جاتا ہے۔

2014 سے وٹامنز، منرلز، جڑی بوٹیوں سے بنی مصنوعات اور پروبائیوٹکس ڈریپ کے اندراج  کے قواعد کے تحت آتے ہیں، اور ہر پروڈکٹ کا فروخت سے پہلے اندراج ضروری ہے۔ 2018 کے ایک سرکاری بیان کے مطابق تقریباً 3,500 کمپنیوں نے درخواست دی اور قریباً 2,500 کو عدم تعمیل کی بنا پر مسترد کر دیا گیا، جبکہ پہلے تین برسوں میں صرف 735 سے کچھ زائد کا اندراج ہوا۔ اس فرق سے ظاہر ہوتا ہے کہ قواعد پر عمل ہوتا ہے، لیکن یہ ایک ایسا سوال بھی چھوڑ جاتا ہے جس کا جواب کسی شائع شدہ اعداد و شمار میں نہیں ملتا کہ کتنی مصنوعات باضابطہ نگرانی سے باہر گردش کر رہی ہیں؟

یہ سوال اس لیے اہم ہے کہ نیوٹراسیوٹیکلز خوراک اور دوا کے درمیان آتے ہیں۔ انہیں صحت و تندرستی کی مصنوعات کے طور پر بیچا جاتا ہے، مگر لوگ انہیں مخصوص مسائل کے لیے خریدتے ہیں: وٹامن ڈی کی کمی، بالوں کا گرنا، کمزور قوتِ مدافعت۔ جب صارفین انہیں اس طرح استعمال کرتے ہیں تو خالصیت اور خوراک کی درستی عوامی صحت کا معاملہ بن جاتی ہے، مارکیٹنگ کا نہیں۔ وزارتِ صحت نے 2024 کے اوائل میں اس بات کا ادراک کرتے ہوئے نیوٹراسیوٹیکلز کے نسخوں پر پابندی لگانے کی کوشش کی تھی، جس کی وجہ اس نے ان کا حد سے زیادہ استعمال بتایا۔ اس واقعے سے ظاہر ہوا کہ ریاست مارکیٹ کا حجم دیکھ سکتی ہے۔ یہاں جو بات واضح نہیں، وہ یہ ہے کہ وہ مصنوعات کے اندر کتنا دیکھ سکتی ہے۔

یہ کہنا غلط نہیں ہوگا کہ منظوری کا مطلب تصدیق نہیں ہوتا۔ رجسٹریشن لائسنس دیتے وقت ایک فرم کو جانچتی ہے، لیکن اس کے بعد آنے والے خام مال کے ہر بیچ کو نہیں جانچ سکتی۔ 2022 سے 2024 کے درمیان عالمی ادارۂ صحت نے پروپیلین گلائیکول کے بارے میں انتباہات جاری کیے، جو مائع ادویات میں استعمال ہونے والا جزو ہے اور جعلی صورت میں پاکستان کی سپلائی چین میں داخل ہو گیا تھا۔ خود ڈریپ کی جانچ میں بھی اس کے بعض نمونوں میں ایتھیلین گلائیکول کی آلودگی ملی۔ اس واقعے کا تعلق سیرپس سے تھا، سپلیمنٹس سے نہیں، لیکن سبق یہی ہے: منظوری کی کوئی حقیقت نہیں جب تک کہ خام مال، ٹیسٹنگ اور ٹریس ایبلٹی کی مسلسل نگرانی سے نہ گزرا ہو۔

جولائی میں فیصل آباد میں ایف آئی اے اور ڈرگ کنٹرول ٹیم نے ایک ایسا یونٹ ختم کیا جو لوہے کے کاروبار کے پردے میں چل رہا تھا۔ ملیر میں ایک صوبائی ڈرگ انسپکٹر کے مطابق ایک مکان کو فیکٹری میں بدل دیا گیا تھا جہاں غیر صحت بخش حالات میں آئرن سپلیمنٹس اور ملٹی وٹامنز تیار کیے جا رہے تھے۔ وزارتِ صحت نے تین ماہ کی مدت میں دس بڑے مشترکہ چھاپوں کی اطلاع دی ہے، اگرچہ سب سپلیمنٹس سے متعلق نہیں تھے۔ چھاپے وہی پکڑتے ہیں جو مل جائے۔ وہ یہ نہیں بتاتے کہ کیا رہ گیا۔

اسی لیے ڈریپ کی اصلاحاتی مہم اہم ہے۔ اس وقت پاکستانی ادارہ عالمی ادارۂ صحت کے گلوبل بینچ مارکنگ ٹول میں میچورٹی لیول 3 کے حصول کی طرف بڑھ رہا ہے، جو ریگولیٹرز کو ایک سے چار تک درجہ دیتا ہے۔ وزیر صحت نے گزشتہ ستمبر میں اس عمل کو تیز کرنے کا حکم دیا، اور ڈریپ جون میں انٹرنیشنل کونسل فار ہارمونائزیشن میں مبصر بنی۔ یہ حقیقی اقدامات ہیں۔ یہ درجہ بندیاں ادویات اور ویکسینز پر لاگو ہوتی ہیں، سپلیمنٹس پر نہیں، اور یہ ریگولیٹری صلاحیت کو ناپتی ہیں، فروخت ہونے والی ہر پروڈکٹ کی حفاظت کو نہیں۔ پھر بھی یہ ظاہر کرتی ہیں کہ ہم عصر ممالک کہاں کھڑے ہیں۔ سعودی عرب 2023 میں بلند ترین درجے پر پہنچا، اور ترکیہ اسی سال لیول 3 پر پہنچا۔ چین کی ویکسینز کے لیے 2022 میں لیول 3 کی تصدیق ہوئی، اور بھارت ویکسین ریگولیشن کے لیے لیول 3 برقرار رکھے ہوئے ہے۔ بنگلہ دیش کا کہنا ہے کہ وہ لیول 2 پر ہے، اور لیول 3 کے بغیر عالمی ادارۂ صحت اس کے ویکسین سازوں کی پری کوالیفکیشن درخواستیں قبول نہیں کرتا۔ ریگولیٹری پختگی برآمدی منڈیاں کھولتی ہے، اور اس کی عدم موجودگی کی قیمت ان منڈیوں سے محرومی کی صورت میں ادا کرنی پڑتی ہے۔

یہاں یہ واضح کرنا ضروری ہے کہ شواہد کیا ظاہر نہیں کرتے۔ کوئی شائع شدہ اعداد و شمار نہیں بتاتا کہ پاکستان کے کتنے سپلیمنٹس غیر رجسٹرڈ ہیں، سالانہ کتنے ٹیسٹ کیے جاتے ہیں، یا آن لائن فروخت کندان کی نگرانی کیسے کی جاتی ہے۔ یہ دعوے کہ مخصوص برانڈز تجارتی وجوہات کی بنا پر مریضوں کو تجویز کیے جاتے ہیں، صنعت کا تاثر ہیں، دستاویزی حقیقت نہیں، اور یہ مضمون ان کا دعویٰ نہیں کرتا۔ ریکارڈ جو دکھاتا ہے وہ یہ ہے کہ غیر مجاز صحت مصنوعات کی تیاری بار بار سامنے آتی ہے، یہ ملٹی وٹامنز اور نیوٹراسیوٹیکل مواد تک پہنچی ہے، اور لائسنس یافتہ سپلائی چینز میں جعلی خام مال داخل ہو چکا ہے۔

ڈریپ کی بینچ مارکنگ مہم اس خلا کو پُر کرنے کا درست وقت ہے، اور پانچ اصلاحات زیادہ تر کام کر دیں گی۔ پہلی، ایک عوامی اور قابلِ تلاش اندراجی ڈیٹا بیس، تاکہ فارماسسٹ یا خریدار چند سیکنڈ میں رجسٹریشن نمبر کی تصدیق کر سکے۔ دوسری، دکانوں اور آن لائن دستیاب مصنوعات کی باقاعدہ رینڈم ٹیسٹنگ، اور نتائج جو بھی ہوں، شائع کیے جائیں۔ تیسری، دراز، انسٹاگرام اور فیس بک پر آن لائن فروخت اور صحت سے متعلق دعووں کی نگرانی، جہاں اب اس مارکیٹ کا بڑا حصہ تجارت کرتا ہے۔ چوتھی، ایسی تصدیق جو خام مال تک پہنچے اور تیار شدہ مصنوعات پر ختم نہ ہو۔ پانچویں، جہاں ایسے تعلقات موجود ہوں، وہاں سپلیمنٹ کمپنیوں اور ہیلتھ کیئر پروفیشنلز کے درمیان مالی تعلقات کے واضح افشا کے قواعد، اور جب بھی کوئی ملٹی نیشنل مینوفیکچرر رخصت ہو تو اس کی وجوہات کی اشاعت۔

ہمیں اپنی سپلیمنٹ انڈسٹری کو ضرور آگے بڑھانا چاہیے۔ مگر عوام کا اعتماد تب ہی بنے گا جب ہر پروڈکٹ کی جانچ پڑتال نظر آئے۔ فی الحال یہ بات واضح نہیں کہ یہ جانچ پڑتال کتنی ہورہی ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں