وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ پاکستان میں معدنیات کی تلاش کا عمل اب عالمی منڈی میں اہمیت رکھنے والے وسائل پر مرکوز کیا جا رہا ہے۔ حکومت جدید ٹیکنالوجی، ارضیاتی سروے اور تحقیقی منصوبوں کے ذریعے معدنی ذخائر کی نشاندہی اور غیر ملکی سرمایہ کاری بڑھانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔
اسلام آباد میں پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2026 سے خطاب کرتے ہوئے علی پرویز ملک نے بتایا کہ بلوچستان کے علاقے چاغی اور مغربی حصوں میں تانبے اور سونے، گلگت بلتستان میں لیتھیم، ٹن اور ٹنگسٹن جبکہ خیبر پختونخوا میں اینٹیمونی اور دیگر دھاتوں کی تلاش پر توجہ دی جا رہی ہے۔ اس مقصد کے لیے جدید سائنسی سروے، کھدائی اور تحقیقی لیبارٹریوں کی استعداد بڑھائی جا رہی ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان طویل عرصے سے خام معدنیات برآمد کرکے تیار شدہ مصنوعات درآمد کرتا رہا ہے، تاہم اب حکومت تانبے کو ملک کے اندر صاف کرکے قابلِ استعمال دھات میں تبدیل کرنے کے منصوبوں پر کام کر رہی ہے۔ انھوں نے بتایا کہ جیولوجیکل سروے آف پاکستان کے ذریعے ملک بھر میں معدنی ذخائر کی نقشہ سازی تیز کر دی گئی ہے، جبکہ پرانے ارضیاتی ریکارڈ کو ڈیجیٹل شکل دی جا رہی ہے تاکہ سرمایہ کاروں کو مستند معلومات فراہم کی جا سکیں۔
علی پرویز ملک کے مطابق معدنی وسائل سے معاشی فائدہ حاصل کرنے کے لیے صرف ذخائر دریافت کرنا کافی نہیں بلکہ بجلی، پانی، سڑکوں، ریلوے اور بندرگاہوں تک رسائی بھی ضروری ہے۔ اس سلسلے میں روہڑی سے نوکنڈی تک ریلوے لائن کی بہتری، پورٹ قاسم سے رابطوں اور ریکوڈک منصوبے کے اطراف بنیادی ڈھانچے کی ترقی پر کام کیا جا رہا ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت پاکستان میں معدنیات نکالنے کے ساتھ ان کی مقامی سطح پر پروسیسنگ، صنعتوں کے قیام اور ٹیکنالوجی کی منتقلی کو بھی فروغ دینا چاہتی ہے۔ ان کے مطابق معدنی شعبے کی ترقی سے نوجوانوں، خواتین اور مقامی آبادی کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہونے چاہییں۔ انھوں نے زور دیا کہ منصوبوں کی طویل مدتی کامیابی کے لیے مقامی آبادی کا اعتماد اور ان کی معاشی ترقی ضروری ہے۔