پاکستان میں اس وقت الیکٹرک گاڑیوں کا بڑا شور ہے اور یہ امکان بھی ہے کہ اگر وزیراعظم کی نئی پالیسی کو آئی ایم ایف نے قبول کر لیا تو الیکٹرک گاڑیاں مزید سستی ہو سکتی ہیں۔ سوال مگر ایک اور ہے۔ سوال یہ ہے کہ اس سارے شور و غل کے باوجود کیا پاکستان میں الیکٹرک گاڑیوں کا کوئی مستقبل ہے؟ کہیں ایسا تو نہیں کہ یہ گاڑیاں جو آج چلانے میں بہت سستی لگ رہی ہیں، کل کو خریدار کے گلے پڑ جائیں۔ آپ کہہ سکتے ہیں کہ اندھے کو اندھیرے میں بہت دور کی سوجھی۔ لیکن میں آپ سے عرض کروں گا کہ دودھ کا جلا چھاچھ کو بھی پھونک پھونک کر پیتا ہے، تو اس میں اس کا اتنا قصور نہیں ہے۔
پاکستان میں ہم نے دیکھا کہ سی این جی کی صورت میں بھی ایک سستا متبادل آیا تھا۔ کیا کسی کو یاد ہے کہ اس کا انجام کیا ہوا؟ کتنے سی این جی اسٹیشن لگے اور کتنی لاکھ گاڑیوں میں سی این جی کٹس لگیں۔ کتنے سلنڈر لگے اور ان کٹس اور سلنڈروں کی مالیت کیا تھی؟ وہ آج کل کہاں ہیں؟ کیس نے چھان بورے میں نہیں خریدے۔
ایک پالیسی پانی کے بلبلے کی طرح آئی اور بلبلے کی طرح ختم ہو گئی۔ چند روز تو سستی گاڑیاں چلائی گئیں۔ لیکن اس کے بعد کیا ہوا؟ کسی نے بیٹھ کر یہ حساب لگانے کی کوشش ہی نہیں کی کہ ملک میں کتنے لاکھ سی این جی کے سلنڈر اور کٹس ضائع ہو گئیں۔ کسی کے پاس فرصت ہی نہیں کہ وہ تلاش کرے کہ اس سے ملکی معیشت کو اور صارفین کو کتنا نقصان ہوا۔
دوسری مثال ہمارے سامنے سولر کی ہے۔ اگرچہ یہ شعبہ ابھی تک سی این جی کی طرح ختم تو نہیں ہوا، لیکن اس کی طنابیں کسی جا رہی ہیں۔ اور وہ بات نہیں ہے جو پہلے ہوتی تھی۔ ان دو تجربات کے بعد آدمی کا یہ سوچنا ایک فطری بات ہے کہ اگر آج وہ الیکٹرک کار لے بھی لے تو کیا اس بات کی کوئی ضمانت ہے کہ اگلے چند سالوں میں یہ الیکٹرک کار اس کے لیے ایک عذاب نہ بن جائے؟ چار پیسے بچانے کی خاطر آج الیکٹرک گاڑی خریدی جائے گی، کل کو بچت کی بجائے وہ وبالِ جان بن جائے تو پھر کیا ہوگا؟
بات کو حالات و واقعات اور خدشات کی روشنی میں سمجھنے کی ضرورت ہے۔
آج تو حکومت الیکٹرک گاڑیوں کی حوصلہ افزائی کر رہی ہے۔ لیکن حکومت پیٹرول سے کماتی ہے۔ اور حکومت پیٹرول سے ٹھیک ٹھاک کماتی ہے۔ حکومت فی الحال اس کمائی سے دستبردار ہونے کو بھی تیار نہیں ہے کیونکہ یہ ریونیو کا آسان ترین طریقہ ہے۔ جیسے ہی کہیں سے دباؤ آئے، پیٹرول کی قیمت بڑھا دو۔
اب جب الیکٹرک گاڑیاں بڑھ جائیں گی تو پٹرول کا استعمال کم ہونے لگا۔ کم پٹرول کا مطلب ہے حکومت کو کم آمدن ہو گی ۔ جب حکومت کو آمدن کم ہو گی تو کیا حکومتا س کو قبول کر لے گی؟ یا ایک نئی پالیسی عوام کی کمر پر لاد دی جائے گی؟
پٹرول پمپوں پر لے الیکٹرک چارجز پر تو حکومت ڈیوٹی اور ٹیکسز لگا دے گی لیکن بہت کم لوگ وہ ہوں گے جو پیٹرول پمپوں پر لگے چارجر سے گاڑیاں چارج کروائیں گے۔ زیادہ تر لوگ گھر سے ہی چارج کریں گے۔ جب گاڑی گھر پر چارج ہوگی تو وہ سستی پڑے گی۔ یقیناً سستی پڑے گی، لیکن سوال یہ ہے کہ حکومت کو کیا ملے گا؟ حکومت کو ایکد وو سالوں میں ہی وہ سہانے دن یاد آنے لیں گے جب پٹرولیم لیوی سے اسے آمدن ہوا کرتی تھی ۔ اس سے آگے کیا ہو گا اس کا تصور ہی پریشان کن ہے۔
اگر ہم معروف معنوں میں ایک ویلفیئر طرزِ حکومت میں رہ رہے ہوتے تو ہم کہہ سکتے تھے کہ شاید حکومت عوام کی فلاح کے لیے یہ کڑوا گھونٹ پی لے گی۔ لیکن یہاں چونکہ عوام سے مختلف حیلوں بہانوں سے رقم نکلوا کر ہی حکومتیں چلتی ہیں یا قرضے پر چلتی ہیں، تو ایسے میں یہ ایک سنجیدہ سوال ہے جس پر غور کرنے کی ضرورت ہے کہ الیکٹرک گاڑی کب تک سستی رہے گی۔
کل کو حکومت اگر یہ کہہ دے کہ جن کے گھروں میں چارجر لگے ہوئے ہیں، ان کو ہم بجلی کمرشل ریٹ پر دیں گے اور اس کے اوپر اپنا ٹیکس بھی لیں گے، تو پھر بجلی سے گاڑی چارج کر کے چلانا کتنا سستا رہ جائے گا اور کتنا مہنگا ہوگا؟ اس کا حساب کر لینا چاہیے۔
دوسری بات یہ ہے کہ جو سالانہ ٹوکن ہوتا ہے، اگر وہ عام گاڑیوں کی نسبت دوگنا یا تین گنا یا چار گنا یا پانچ گنا،( ویسے اس سے زیادہ بھی ہو سکتا ہے، خدا نہ کرے) کر دیا جائے کہ یہ الیکٹرک گاڑی چونکہ پیٹرول کی مد میں حکومت کو کچھ نہیں دے رہی تو اس کا ٹوکن مہنگا کر دیا جائے۔ تو پھر عوام کہاں کھڑی ہوگی؟
بیٹری کی مدت ویسے ہی ڈیڑھ لاکھ کلومیٹر یا قریب پانچ سال کہہ لیں۔ تو ڈیڑھ لاکھ کلومیٹر چلنے کے بعد عام گاڑی کا انجن ساٹھ، ستر ہزار میں( اگر ضرورت پڑے تو) اوورہال ہو جاتا ہے۔ الیکٹرک گاڑی کی تو پوری بیٹری لینی پڑے گی۔ اس وقت بیٹری بیس لاکھ کے آس پاس بتائی جا رہی ہے ۔ اگر گاڑیاں لینے کے بعد معلوم ہو کہ حکومت نے الیکٹرک گاڑیوں کی بیٹری پر ڈیوٹی بڑھا دی ہے تو پھر کہاں جائیں گے۔ کیا ہر تین چار سال بعد بیس تیس لاکھ کی بیٹری ڈلوایا کریں گے؟
سپیئر پارٹس کی کہانی الگ ہے۔ یہاں دور دور تک کوئی بلال گنج یا سلطان دا کھوہ ہو گا نہ ہی مٹھو دا احاطہ ۔ یہاں ہر پرزہ کمپنی سے ملے گا۔کیا اآپ کو معلوم ہے کہ سپیئر پارٹس کمپنی سے منگوانے کا مطلب کیا ہے؟ کبھی پٹرول والی ان گاڑیوں کے سسپیئر پارٹس کمپنی سے لے کر دیکھیے گا، پھر بتائیے گا۔
اس طرح کے اور ڈھیر سارے سوالات ہیں۔ چونکہ ہمارے ہاں کوئی تسلسل نہیں رہا اور ہمارے ہاں عوام کو ریلیف دینا کبھی مقصود ہی نہیں رہا۔ اور چونکہ پیٹرول ایک ایسی چیز ہے جس سے حکومت کا آسان ترین ریونیو جڑا ہوا ہے، تو ایسے میں اس شعبے کے ماہرین کو اس سوال پر غور کر لینا چاہیے کہ پاکستان میں الیکٹرک گاڑیوں کا مستقبل کیا ہے؟
میں معافی چاہتا ہوں اور میں دعاگو ہوں کہ میری رائے غلط ثابت ہو۔ لیکن میرے دل میں ایک خدشہ ہے کہ یہ مستقبل اتنا روشن نہیں ہوگا جتنا یہ اس وقت نظر آ رہا ہے۔