جنوبی کوریا کی معروف بیڈمنٹن کھلاڑی اور اولمپک چیمپیئن این سی ینگ نے خواتین کے سنگلز مقابلوں میں 47واں بین الاقوامی ٹائٹل جیت کر نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔ 24 سالہ کھلاڑی نے ڈنمارک اوپن کے فائنل میں جاپان کی اکانے یاماگوچی کو شکست دے کر خواتین کی بیڈمنٹن کی تاریخ میں سب سے زیادہ بین الاقوامی سنگلز ٹائٹل جیتنے والی کھلاڑی بننے کا اعزاز حاصل کیا۔
برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق، این سی ینگ نے اتوار کو ڈنمارک کے شہر اوڈینسے میں کھیلے گئے فائنل میں جاپانی حریف کو سخت مقابلے کے بعد 21-23، 21-14 اور 21-18 سے شکست دی۔ اس کامیابی کے ساتھ انہوں نے انڈونیشیا کی سابق بیڈمنٹن اسٹار سوسی سوسانتی کا 46 بین الاقوامی ٹائٹل جیتنے کا ریکارڈ توڑ دیا، جو 1997 میں کھیل سے ریٹائر ہوئی تھیں۔
عالمی بیڈمنٹن فیڈریشن کے مطابق، یہ ریکارڈ 1989 سے دستیاب بین الاقوامی مقابلوں کے اعداد و شمار پر مبنی ہے اور اس میں علاقائی کھیلوں کے ٹائٹل شامل نہیں ہیں۔ این سی ینگ مسلسل 105 ہفتوں سے خواتین کی عالمی درجہ بندی میں پہلے نمبر پر موجود ہیں، جو ان کی غیر معمولی کارکردگی اور کھیل میں مستقل برتری کو ظاہر کرتا ہے۔
تاریخی کامیابی کے بعد این سی ینگ نے کہا کہ وہ مزید ریکارڈ قائم کرنا اور بیڈمنٹن کی تاریخ میں نئی کامیابیاں حاصل کرنا چاہتی ہیں، تاہم ان کی توجہ ہمیشہ ایک وقت میں ایک میچ پر ہوتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ شائقین کی بھرپور حمایت ان کے لیے حوصلہ افزائی کا ذریعہ ہے اور انہیں خوشی ہوتی ہے کہ لوگ ان کے مقابلوں سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔
این سی ینگ رواں سال بیڈمنٹن ورلڈ ٹور کے چھ سنگلز ٹائٹل جیت چکی ہیں۔ اس سے قبل وہ پیرس اولمپکس 2024 میں طلائی تمغہ حاصل کرنے کے علاوہ عالمی چیمپیئن شپ، ایشین گیمز اور دیگر اہم مقابلوں میں بھی نمایاں کامیابیاں حاصل کر چکی ہیں۔ رواں سال ان کی واحد شکست مارچ میں آل انگلینڈ اوپن کے فائنل میں ہوئی تھی، جہاں چین کی وانگ ژی یی نے انہیں شکست دی تھی۔