آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 کے سترہویں میچ میں اٹلی نے نیپال کو 10 وکٹوں سے شکست دے کر اپنی پہلی تاریخی فتح حاصل کرلی ہے۔ ممبئی میں کھیلے گئے گروپ سی کے میچ میں نیپال کی ٹیم 123 رنز پر ڈھیر ہوگئی، جواب میں اٹلی نے ہدف بغیر کسی نقصان کے پورا کرلیا۔
اس تاریخی فتح میں اٹلی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی کرشن کالوگامجے نے چار اوورز میں صرف 18 رنز دے کر تین اہم وکٹیں حاصل کیں۔ میچ کے آغاز میں اٹلی کو فیورٹ نہیں سمجھا جا رہا تھا، جبکہ نیپال نے پچھلے میچ میں انگلینڈ کو صرف چار رنز سے شکست دینے کا قریبی موقع کھویا تھا۔
اٹلی کے 15 رکنی اسکواڈ میں شامل 12 کھلاڑی مکمل طور پر پیشہ ور کرکٹر نہیں ہیں بلکہ دیگر شعبوں سے وابستہ ہیں۔ ٹیم کے قائم مقام کپتان ہیری مانینٹی نے بتایا کہ زیادہ تر کھلاڑی کرکٹ کے ساتھ دیگر کام بھی کرتے ہیں۔ ہمارے 15 کھلاڑیوں میں سے 12 کو کرکٹ کے علاوہ دیگر کام کرنا پڑتا ہے۔
اٹلی ٹیم کے کوچ جان ڈیویسن نے کہا ہے کہ کرشن کالوگامجے نے ورلڈ کپ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور پلیئر آف دی میچ منتخب ہوئے، لیکن حقیقت یہ ہے کہ وہ روزانہ پیزا بنا کر اپنی زندگی چلا رہے ہیں۔ ڈیویسن نے مسکراتے ہوئے کہا کہ یہی وجہ ہے کہ وہ گیند کو دونوں طرف سے گھما سکتے ہیں۔
اٹلی کی یہ فتح یورپ میں ایسوسی ایٹ کرکٹ کے لیے اہم سنگِ میل ہے۔ اگرچہ اکثر لوگ اٹلی کی ٹیم کو کم اہم سمجھتے ہیں، تاہم نیپال کے تجربہ کار کھلاڑیوں کے خلاف اپنی شاندار کارکردگی کی وجہ کھلاڑی مقبول ہو رہے ہیں۔