ٹی20 ورلڈ کپ میں پاکستان اور انڈیا کے درمیان 15 فروری کو کولمبو کے آر پریماداسا سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے اہم میچ کے لیے شائقینِ کرکٹ میں غیر معمولی جوش و خروش دیکھنے میں آ رہا ہے، جبکہ اس مقابلے کی تمام ٹکٹس فروخت ہو چکی ہیں۔ سٹیڈیم کی گنجائش تقریباً 28 سے 30 ہزار افراد ہے، تاہم ٹکٹوں کی طلب اس سے کہیں زیادہ رہی، جس کے باعث ہزاروں شائقین ٹکٹس حاصل کرنے سے محروم رہ گئے۔
آئی سی سی کی ویب سائٹ پر دستیاب معلومات کے مطابق اس میچ کی تمام ٹکٹس پہلے ہی فروخت ہو چکی ہیں۔ برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی نیوز سنہالا سے گفتگو کرتے ہوئے کرکٹ شائق درشنا چمندا نے بتایا کہ وہ اور ان کے دوست اتوار کو ہونے والے اس میچ کا ایک بھی ٹکٹ خریدنے میں کامیاب نہیں ہو سکے۔
ان کا کہنا تھا کہ ’انڈیا اور پاکستان کا میچ دیکھنا مجھے بہت پسند ہے۔ ایسا شاز و نادر ہی ہوتا ہے کہ ہم سٹیڈیم جائیں اور اطراف کے ماحول سے لطف اندوز نہ ہوں۔‘ انہوں نے مزید کہا کہ ٹکٹوں کی آن لائن فروخت شروع ہوتے ہی تمام نشستیں بک ہو گئیں اور انہیں کوئی ٹکٹ دستیاب نہ ہو سکا۔
کولمبو کے ایک اور رہائشی نے بتایا کہ انڈیا میں مقیم ان کے دوست مسلسل ٹکٹس کی درخواست کر رہے ہیں، مگر وہ خود بھی ایک ٹکٹ حاصل کرنے میں ناکام رہے ہیں۔ ان کے مطابق کم از کم 20 افراد نے ان سے ٹکٹ خریدنے کی درخواست کی ہے، لیکن آن لائن فروخت مکمل ہونے کے باعث وہ کسی کی مدد نہیں کر سکے۔
سری لنکن کرکٹ بورڈ کے ایک رکن نے تصدیق کی ہے کہ اب تک اس میچ کے لیے 88 ہزار سے زائد انکوائریز موصول ہو چکی ہیں، جو سٹیڈیم کی گنجائش سے کئی گنا زیادہ ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس مقابلے میں زیادہ تر پاکستانی اور انڈین شائقین کی شرکت متوقع ہے اور میچ کے حوالے سے غیر معمولی دلچسپی پائی جاتی ہے۔
یہ میچ ورلڈ کپ کے آغاز سے قبل بھی خبروں میں رہا، جب بنگلہ دیش کے معاملے پر پاکستان نے انڈیا کے خلاف میچ کھیلنے سے انکار کیا تھا۔ تاہم بعد ازاں سری لنکا اور بنگلہ دیش کرکٹ بورڈز کے ساتھ ساتھ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی مداخلت کے بعد پاکستان نے اپنا فیصلہ تبدیل کر لیا اور میچ کھیلنے پر آمادگی ظاہر کی۔
دوسری جانب سری لنکن حکومت نے بھی اس ہائی پروفائل مقابلے کے پیش نظر خصوصی سکیورٹی پلان ترتیب دیا ہے۔ حکومتی کابینہ کے رکن وزیر نلندا جیاتسا نے ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ حکومت نے سٹیڈیم اور اطراف کے علاقوں میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ابتدا میں پاکستانی حکومت نے میچ نہ کھیلنے کا فیصلہ کیا تھا، تاہم بعد میں مختلف فریقین کی مداخلت سے صورتحال تبدیل ہوئی۔
میچ کے باعث فضائی سفر کی قیمتوں میں بھی نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ 13 سے 16 فروری کے درمیان نئی دہلی سے کولمبو آنے والی پروازوں کے ٹکٹوں کی قیمت 76 ہزار سے ایک لاکھ انڈین روپے تک پہنچ گئی ہے، جبکہ سری لنکن ایئر لائنز اور انڈیگو کی پروازوں کے ٹکٹ 60 ہزار سے ایک لاکھ 11 ہزار انڈین روپے کے درمیان فروخت ہو رہے ہیں۔
سری لنکا کرکٹ بورڈ نے بڑھتی ہوئی طلب کے پیش نظر مزید پانچ ہزار ٹکٹس جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ بورڈ کے ایک افسر نے بی بی سی کو تصدیق کی ہے کہ یہ ٹکٹس آن لائن فروخت کے لیے پیش کیے جائیں گے۔ ان کے مطابق وی آئی پی ٹکٹ کی قیمت 50 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے، جبکہ دیگر ٹکٹس 25 ہزار، 20 ہزار، 15 ہزار اور 10 ہزار روپے میں دستیاب ہوں گے۔
پاکستان اور انڈیا کے درمیان ہونے والا یہ مقابلہ نہ صرف کھیل کے میدان میں اہمیت رکھتا ہے بلکہ شائقین کی بے مثال دلچسپی، بڑھتی ہوئی ٹکٹ طلب اور سفری اخراجات میں اضافے نے بھی اسے ایونٹ کا سب سے نمایاں میچ بنا دیا ہے۔