ازبک صدر شوکت مرزائیوف کو پاکستان کے اعلیٰ ترین سول اعزاز ‘نشانِ پاکستان’ سے نوازا گیا

پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں صدراتی محل میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں اُزبکستان کے صدر شوکت مرزائیوف کو پاکستان کا اعلیٰ ترین سول اعزاز ’’نشانِ پاکستان‘‘ عطا کیا گیا۔ یہ اعزاز پاکستان کے صدر آصف علی زرداری نے صدر شوکت مرزائیوف کو پیش کیا۔ اس موقع پر وزیراعظم پاکستان شہباز شریف اور دیگر اعلی حکام بھی موجود تھے۔

تقریب میں بتایا گیا کہ ’’نشانِ پاکستان‘‘ کا اعزاز اُزبکستان اور پاکستان کے درمیان کثیرالجہتی تعاون کو فروغ دینے کے لیے کی جانے والی صدر مرزائیوف کی کوششوں کا عملی اعتراف ہے، جبکہ یہ اُزبکستان کے عوام کے ساتھ پاکستان کی گہری دوستی، خیرسگالی اور احترام کی بھی علامت بھی ہے۔

اس موقع پر فریقین نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ اُزبکستان اور پاکستان کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری آئندہ سالوں میں مزید مضبوط ہوگی اور دونوں ممالک کے تعلقات ایک نئے اور بامقصد مرحلے میں داخل ہوں گے، جو خطے میں استحکام اور ترقی کے لیے معاون ثابت ہوں گے۔

واضح رہے کہ ’’نشانِ پاکستان‘‘ ایک انتہائی باوقار اور نایاب اعزاز ہے، جو ماضی میں دنیا کی کئی ممتاز اور عالمی سطح پر معروف شخصیات کو عطا کیا جا چکا ہے۔ ان میں برطانیہ کی ملکہ الزبتھ دوم، امریکا کے صدر رچرڈ نکسن، جنوبی افریقہ کے صدر نیلسن منڈیلا، تھائی لینڈ کے بادشاہ بھومی بول ادولیادیج، متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ زاید بن سلطان النہیان، چین کے صدر ہو جن تاؤ، ترکیہ کے صدر رجب طیب ایردوان، اور سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان سمیت دیگر اہم عالمی رہنما شامل ہیں۔

حکام نے تقریب کو اُزبکستان اور پاکستان کے دیرینہ دوستانہ تعلقات میں ایک اہم سنگِ میل قرار دیا ، جو دونوں ممالک کے درمیان اعتماد، تعاون اور باہمی احترام کی مضبوط بنیاد کو مزید مستحکم کرتا ہے۔

Author

اپنا تبصرہ لکھیں