ازبکستان کے صدر شوکت مرزائیوف 5 اور 6 فروری کو پاکستان کا سرکاری دورہ کررہے ہیں، وزیراعظم، صدر اور فیلڈ مارشل سے ملاقاتیں کریں گے

اُزبکستان کے صدر شوکت مرزائیوف، وزیراعظم شہباز شریف کی دعوت پر 5 اور 6 فروری کو پاکستان کا سرکاری دورہ کریں گے۔ دورے کے دوران صدر شوکت مرزائیوف اسلام آباد میں پاکستان کے صدر آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف، اور دفاعی افواج کے سربراہ فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقاتیں کریں گے۔

دورے کے شیڈول کے مطابق، پاکستان اور اُزبکستان کے درمیان اسٹریٹجک تعاون کو مزید فروغ دینے کے لیے اسٹریٹجک تعاون کونسل کا پہلا اجلاس بھی منعقد ہوگا۔ اعلیٰ سطح ملاقاتوں میں دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری اور کثیرالجہتی تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر توجہ دی جائے گی۔

مذاکرات کے دوران سیاسی روابط کو وسعت دینے، دونوں ممالک کی حکومتوں، پارلیمانوں، کاروباری حلقوں اور مختلف علاقوں کے درمیان تعاون بڑھانے کے اہم پہلوؤں پر تفصیلی غور کیا جائے گا۔ فریقین باہمی تجارت کے فروغ، صنعت، ٹرانسپورٹ اور انفرااسٹرکچر، سیاحت کے شعبوں میں مشترکہ منصوبوں کو آگے بڑھانے اور ثقافتی و انسانی روابط کو مزید مستحکم کرنے پر خصوصی توجہ دیں گے۔

علاوہ ازیں بین الاقوامی اور علاقائی اہمیت کے حامل موجودہ امور پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ مذاکرات کے اختتام پر مشترکہ اعلامیہ اور مختلف ترجیحی شعبوں میں تعاون سے متعلق متعدد معاہدوں پر دستخط کیے جانے کی توقع ہے۔

دورے کے دوران صدر شوکت مرزائیوف پاکستان اور اُزبکستان کے سرکردہ کاروباری حلقوں کے نمائندوں پر مشتمل مشترکہ بزنس فورم میں بھی شرکت کریں گے۔

Author

اپنا تبصرہ لکھیں