معروف ماڈل بیلا حدید اور اداکار پیڈرو پاسکل نے سوڈان اور فلسطین کے متاثرہ بچوں کے لیے ایک خصوصی فنڈریزنگ شو میں حصہ لیا، جسے ’آرٹسٹ فار ایڈ‘ کے نام سے منعقد کیا گیا۔ اس شو کا مقصد عالمی سطح پر متاثرہ بچوں کے لیے مالی اور اخلاقی معاونت فراہم کرنا تھا۔
شو کی میزبانی سوڈان سے تعلق رکھنے والے کینیڈین شاعر مصطفیٰ نے کی، اور تقریب میں تقریباً بیس فنکاروں نے اپنی پرفارمنس پیش کی۔ ٹکٹ خریدنے والے ہزاروں افراد نے بھی اس موقع پر اپنی حمایت کا اظہار کیا۔ مجموعی طور پر اس شو کے دوران 5.5 ملین ڈالرز اکٹھے کیے گئے، جو براہِ راست سوڈانی امریکن فزیشنز ایسوسی ایشن اور فلسطینی چلڈرن ریلیف فنڈ کو عطیہ کیے جائیں گے تاکہ متاثرہ بچوں کی مدد کی جا سکے۔
اس شو میں چیپل روان، لوسی ڈیکس، میگی راجرز، شان مینڈس، کلیرو، بلڈ اورنج، نونیم، عمر اپولو اور ریکس اورنج کاؤنٹی سمیت متعدد فنکاروں نے اپنی شاندار پرفارمنس دی۔ شرکت کرنے والے فنکاروں اور شرکاء نے عالمی یکجہتی اور ہمدردی کے جذبے کو اجاگر کیا۔
شو کے دوران بیلا حدید نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کے والد فلسطین کے شہر ناصرے کے رہائشی تھے اور بعد میں پناہ گزین بن گئے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی پرورش محبت، ہمدردی اور تاریخ کے شعور کے ساتھ ہوئی اور یہی چیزیں انہیں آج فلسطینی بچوں کی مدد کرنے پر مجبور کر رہی ہیں۔
بیلا حدید نے بتایا کہ میری پرورش اس ملک کی یاد پر ہوئی ہے جسے بابا نے چھوڑ دیا تھا اور میں آج کی رات فلسطین کو یہاں اپنے ساتھ لے کر آئی ہوں یہاں کا ہر ایک فلسطینی میرے بابا کے دل کا ایک حصہ ہے اور حدید خاندان کے دل کا حصہ ہے