پاک-سعودی دفاعی معاہدے میں ممکنہ شمولیت پر مذاکرات ہوئے ہیں، ترک وزیر خارجہ حاقان فیدان

ترکی کے وزیر خارجہ حاقان فیدان نے جمعرات کے روز کہا ہےکہ پاکستان اور سعودی عرب کے ساتھ ممکنہ دفاعی معاہدے پر بات چیت ہوئی ہے، تاہم ابھی تک کسی قسم کا معاہدہ طے نہیں پایا۔

استنبول میں ایک پریس کانفرنس کے دوران اس سوال کے جواب میں کہ آیا اس نوعیت کا کوئی اتحاد بن سکتا ہے، حاقان فیدان نے کہا کہ خطے میں وسیع تر تعاون اور باہمی اعتماد کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ علاقائی مسائل اس صورت میں حل ہو سکتے ہیں اگر متعلقہ ممالک ایک دوسرے پر مکمل اعتماد کریں۔

بلومبرگ نے گزشتہ ہفتے ذرائع کے حوالے سے رپورٹ کیا تھا کہ ترکی ستمبر 2025 میں طے پانے والے پاک-سعودی دفاعی معاہدے میں شمولیت کا خواہاں ہے۔ رپورٹ کے مطابق، ترکی اس معاہدے کو سلامتی اور دفاعی صلاحیت کو مضبوط بنانے کا ایک ذریعہ سمجھتا ہے، خاص طور پر ایسے وقت میں جب امریکہ کی قابلِ اعتماد حیثیت پر سوالات اٹھ رہے ہیں۔

ان رپورٹس کے بارے میں سوال پر کہ آیا استنبول اس نوعیت کے معاہدے کا خواہاں ہے، پاکستان کے وزیربرائے دفاعی پیداوار رضا حیات ہراج نے برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی اردو کو بتایاکہ ‘اسٹریٹجک نقطہ نظر سے ترکی، چین، سعودی عرب اور آذربائیجان پاکستان کے قریبی دوست ممالک ہیں اور ان کے ساتھ اسٹریٹجک پالیسی کے حوالے سے قریبی تعلقات ہیں۔’

واضح رہے، وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے ستمبر 2025 میں ریاض میں ایک اسٹریٹجک باہمی دفاعی معاہدے پر دستخط کیے تھے، جس کے تحت دونوں ممالک نے اس بات کا عہد کیا کہ کسی ایک ملک پر حملے کو دونوں کے خلاف جارحیت تصور کیا جائے گا

Author

اپنا تبصرہ لکھیں