‘ضلع پنجگور میں 4 بھارتی اسپانسرڈ دہشتگردوں کو ہلاک کیا گیا’، پاکستانی سیکورٹی فورسز کا دعوٰی

پاکستان کی سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع پنجگور میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر ایک کامیاب آپریشن کے دوران مبینہ طور پر بھارتی سرپرستی یافتہ فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے چار دہشت گردوں کو ہلاک کر دیاہے۔

پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق، یہ کارروائی 26 دسمبر 2025 کو اس اطلاع پر کی گئی کہ مذکورہ علاقے میں دہشت گرد عناصر موجود ہیں۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ اس جھڑپ میں چار بھارتی حمایت یافتہ خوارج مارے گئے، جنہیں فورسز نے کامیابی سے انجام تک پہنچایا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق، ہلاک ہونے والے دہشت گرد علاقے میں متعدد دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث رہے تھے۔ کارروائی کے دوران ان کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد کیا گیا، جو ان کی تخریبی سرگرمیوں میں استعمال ہونا تھا۔

سیکیورٹی فورسز نے بتایا ہے کہ علاقے میں مزید کسی بھی ممکنہ دہشت گرد کی موجودگی کو ختم کرنے کے لیے کلیئرنس اور سرچ آپریشن جاری ہے۔ بیان میں واضح کیا گیا ہے کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے قومی ایکشن پلان کے تحت منظور شدہ وژن ‘عزمِ استحکام’ کے مطابق دہشت گردی کے خلاف اپنی بلا تعطل مہم پوری شدت کے ساتھ جاری رکھیں گے۔

آئی ایس پی آر نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ غیر ملکی سرپرستی اور حمایت یافتہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری رہیں گی اور ملک کے امن و استحکام پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا

Author

اپنا تبصرہ لکھیں