پاکستان میں تعینات ازبکستان کے سفیر علی شیر تختیوف نے یومِ قائداعظم کے موقع پر پاکستان کے بانی قائداعظم محمد علی جناح کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اس دن کو پاکستان کے فخر، اتحاد اور قومی تشخص کی علامت قرار دیا ہے۔
ازبک سفارتخانے کی جانب سے جاری پیغام میں کہا گیا کہ آج پاکستان کا دل ایک خصوصی جذبے کے ساتھ دھڑک رہا ہے اور پوری قوم بابائے قوم کی عظیم خدمات کو عقیدت و احترام کے ساتھ یاد کر رہی ہے۔
پیغام میں قائداعظم محمد علی جناح کو وہ عظیم رہنما قرار دیا گیا جنہوں نے محض ایک ریاست قائم نہیں کی بلکہ ایک منتشر قوم کو خود اعتمادی، وقار اور امید دی۔ مزید کہا گیا ہے کہ قائدِاعظم نے اُس وقت پاکستان کے قیام پر یقین رکھا جب راستہ آزمائشوں، مشکلات اور قربانیوں سے بھرا ہوا تھا، اور انہی حالات میں اُن کی قیادت قوم کے لیے مشعلِ راہ بنی۔
بیان میں اس امر پر زور دیا گیا کہ قائداعظم کا دیا ہوا پیغام ، اتحاد، ایمان اور نظم و ضبط ، محض نعرے نہیں بلکہ وہ اصول ہیں جو خوابوں کو حقیقت میں بدلنے کی طاقت رکھتے ہیں۔ یہ اقدار آج بھی ہر پاکستانی کے دل میں زندہ ہیں، جو قوم کی استقامت، فخر اور مادرِ وطن سے بے مثال محبت میں نمایاں طور پر جھلکتی ہیں۔
بیان میں کہا گیا کہ یومِ قائداعظم منانا محض تاریخ کو دہرانا نہیں بلکہ اس بات کی یاد دہانی ہے کہ پاکستانی قوم کون ہے، ایک عظیم دل رکھنے والی قوم، ناقابلِ شکست عزم کے ساتھ روشن مستقبل کی جانب بڑھتی ہوئی، جو مشکل ترین لمحات میں بھی متحد رہنا جانتی ہے اور وقار و اعتماد کے ساتھ آگے بڑھتی ہے۔
سفارت خانے کی جانب سے برادر قومِ پاکستان کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا گیا کہ پاکستان میں رہنا اور یہاں کام کرنا اعزاز کی بات ہے، جہاں عوام کی گرمجوشی، شرافت اور اپنی اقدار و روایات سے گہری وابستگی نمایاں طور پر محسوس کی جا سکتی ہے۔ بیان میں نیک خواہشات کا اظہارکیا گیا ہے کہ قائداعظم کا ورثہ ہمیشہ ایک روشن چراغ بن کر پاکستان کو امن، انصاف اور خوشحالی کی راہ دکھاتا رہے۔
آخر میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ پاکستان ہمیشہ مضبوط، متحد اور اپنے مستقبل پر پُر اعتماد رہے، جبکہ پاکستان اور ازبکستان کے درمیان دوستی اور برادرانہ تعلقات آئندہ بھی مضبوط سے مضبوط تر ہوتے رہیں گے