کاجو وزن، بلڈ شوگر اور دل کی صحت کے لیے مفید ثابت !

کاجو صحت کے لیے نہایت مفید خشک میوہ ہے جو وزن کو قابو میں رکھنے، بلڈ شوگر کو ریگولیٹ کرنے اور دل کی صحت بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔ ماہرین صحت کے مطابق روزانہ تقریباً 28 گرام کاجو کھانے سے جسم کو ضروری غذائی اجزاء حاصل ہوتے ہیں اور یہ متعدد بیماریوں کے خطرے کو کم کرتا ہے۔

کاجو میں پروٹین، صحت مند چکنائی، نشاستہ اور فائبر کے علاوہ اہم معدنیات جیسے تانبا، میگنیشیم، زنک، فاسفورس اور فولاد بھی شامل ہیں، جو توانائی پیدا کرنے، دماغ کی نشوونما اور مدافعتی نظام کو مضبوط کرنے میں مدد دیتے ہیں۔ اس کے علاوہ کاجو میں اینٹی آکسیڈنٹس اور نباتاتی مرکبات موجود ہوتے ہیں جو جسم میں موجود نقصان دہ فری ریڈیکلز کو ختم کرنے اور سوزش کو کم کرنے میں معاون ہیں۔

بھنے ہوئے کاجو میں کچے کاجو کے مقابلے میں اینٹی آکسیڈنٹس کی مقدار زیادہ ہوتی ہے، جو دل کی صحت، خون کی نالیوں اور بلڈ پریشر کو بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں۔ ماہرین کے مطابق خشک میوہ جات کا متوازن استعمال وزن بڑھنے کا سبب نہیں بنتا بلکہ اسے قابو میں رکھنے میں مدد کرتا ہے۔

کاجو ذیابیطس کے مریضوں کے لیے بھی مفید ہے کیونکہ اس میں موجود فائبر خون میں شوگر کی سطح میں اچانک اضافے کو روکنے میں مدد کرتا ہے۔ اسے روزمرہ کی خوراک میں شامل کرنا آسان ہے، چاہے وہ روسٹ ہو یا بغیر روسٹ، اور اسے سلاد، سوپ، اوٹس یا دہی کے ساتھ بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔ تاہم بھنے ہوئے یا نمکین کاجو میں اضافی تیل اور نمک ہو سکتا ہے، اس لیے ماہرین بغیر نمک کے ڈرائی روسٹڈ کاجو کو ترجیح دینے کا مشورہ دیتے ہیں۔

Author

اپنا تبصرہ لکھیں