ازبکستان اور پاکستان کے سرکاری نشریاتی اداروں کے درمیان تعاون بڑھانے کے لیے مفاہمتی یادداشت پر اتفاق

اسلام آباد میں ازبکستان اور پاکستان کے قومی ٹیلی وژن چینلز کے درمیان میڈیا تعاون کو فروغ دینے کے لیے ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ ازبکستان کے سفیر علی شیر تختیوفنے پاکستان کے سرکاری ٹیلی وژن چینل پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی) کے ڈائریکٹر جنرل عادل شاہ زیب سے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے مرکزی نشریاتی اداروں کے درمیان باہمی تعاون کو وسعت دینے پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

ملاقات کے دوران ازبکستان اور پاکستان کے قومی ٹیلی وژن چینلز کے درمیان مشترکہ میڈیا منصوبوں پر عملدرآمد، پروگرام اور مواد کے تبادلے، صحافیوں کے باہمی دوروں کے انعقاد اور میڈیا ماہرین کی پیشہ ورانہ تربیت کے امکانات پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ فریقین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ میڈیا کے ذریعے دونوں ممالک کے عوام کو ایک دوسرے کے قریب لانے میں اہم کردار ادا کیا جا سکتا ہے۔

اس موقع پر ازبک ٹیلی وژن چینلز کے ساتھ مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کرنے اور پاکستان ٹیلی وژن کے وفد کے ازبکستان کے دورے کے انعقاد پر بھی اتفاق رائے ہوا۔ ملاقات میں ازبکستان میں جاری وسیع پیمانے پر اصلاحات، ملک کے بھرپور ثقافتی ورثے اور سیاحتی امکانات پر مبنی منصوبوں پر تبادلہ خیال ہوا۔

فریقین کا کہنا تھا کہ ان طے شدہ اقدامات اور معاہدوں سے نہ صرف ازبکستان اور پاکستان میں ہونے والے اہم واقعات کی باقاعدہ، بروقت اور غیرجانبدارانہ کوریج کے نئے مواقع پیدا ہوں گے بلکہ دونوں ممالک کے عوام کے درمیان انسانی، ثقافتی اور اطلاعاتی روابط بھی مزید مضبوط ہوں گے۔

Author

اپنا تبصرہ لکھیں