انڈین روپے ڈالر کے مقابلے میں نئی کم ترین سطح پر پہنچ گیا

انڈین روپے کی قدر میں مسلسل کمی کا سلسلہ رواں ہفتے بھی جاری رہا اور منگل کے روز روپے کی قدر میں مزید 23 پیسے کی گراوٹ ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد انڈین کرنسی ڈالر کے مقابلے میں 91.01 روپے کی نئی تاریخی کم ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔

انڈین خبر رساں ادارے پریس ٹرسٹ آف انڈیا کے مطابق، حالیہ کمی گزشتہ چند ہفتوں کے دوران روپے کی تیزی سے بگڑتی ہوئی صورتحال کی واضح عکاس ہے۔

رپورٹ کے مطابق، صرف گزشتہ دس کاروباری دنوں میں انڈین روپیہ ڈالر کے مقابلے میں 90 روپے کی سطح سے گر کر 91 روپے تک پہنچ چکا ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق، تقریبا گزشتہ ایک سال کے دوران انڈین روپے کی قدر میں مسلسل گراوٹ دیکھنے میں آئی ہے۔ گزشتہ سال 16 دسمبر کو ایک امریکی ڈالر کی قیمت 84.91 انڈین روپے تھی، جبکہ ایک سال بعد 16 دسمبر 2025 کو یہی ڈالر 91.01 روپے تک جا پہنچا ہے۔

جنوری 2025 میں ایک امریکی ڈالر کی قیمت 86 روپے کے قریب تھی، اگست میں یہ بڑھ کر 88 روپے ہو گئی، جبکہ رواں ماہ کے آغاز میں ڈالر کی اوسط قیمت 90 روپے کے لگ بھگ رہی۔ اب تازہ گراوٹ کے بعد انڈین کرنسی اپنی تاریخ کی کم ترین سطح یعنی 91.01 روپے فی ڈالر پر آ گئی ہے

Author

اپنا تبصرہ لکھیں