ورلڈ بینک کے بورڈ آف ایگزیکٹو ڈائریکٹرز نے ازبکستان کے لیے 250 ملین امریکی ڈالر کی مالی معاونت کے پیکیج کی منظوری دے دی ہے، جس کا مقصد ملک کے 16 اضلاع اور شہروں میں رہائشیوں اور کاروباری اداروں کے لیے بلدیاتی انفراسٹرکچر اور خدمات کو فروغ دینا ہے۔
یہ فنڈنگ ‘قابلِ رہائش اور پیداواری شہر پروگرام ‘کے تحت فراہم کی گئی ہے۔
ازبکستان کی 3 کروڑ 70 لاکھ آبادی میں سے نصف سے زیادہ پہلے ہی شہری علاقوں میں رہائش پذیر ہے، اور توقع ہے کہ 2050 تک یہ شرح 60 فیصد سے تجاوز کر جائے گی۔ تیز رفتار شہری آبادی میں اضافے کے باعث جدید شہری منصوبہ بندی، انتظامی صلاحیت، انفراسٹرکچر کی ترقی اور بلدیاتی خدمات، بشمول عوامی ٹرانسپورٹ اور کچرا تلفی کے نظام، کی ضرورت بڑھتی جا رہی ہے۔
اسی دوران بے قابو شہری پھیلاؤ، پرانے یوٹیلیٹی نیٹ ورکس، اور پانی، سیوریج، سڑکوں اور عوامی مقامات تک محدود رسائی، معیارِ زندگی اور کاروباری سرگرمیوں پر منفی اثر ڈال رہی ہے۔ زلزلے، شدید گرمی اور شہری سیلاب جیسے قدرتی اور موسمیاتی خطرات بھی صورتحال کو مزید پیچیدہ بنا دیتے ہیں۔
ان چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ازبکستان کی حکومت نے 2025 میں تیز رفتار اور جامع علاقائی ترقی کا ایک پروگرام شروع کیا، جس میں 16 اسٹریٹجک طور پر اہم اضلاع اور شہر شامل ہیں، جہاں مجموعی طور پر 36 لاکھ افراد آباد ہیں۔
عالمی بینک کے تعاون سے چلنے والا LPCP اس سرکاری اقدام کی معاونت کرے گا اور 13 علاقوں میں نافذ کیا جائے گا، جن میں یانگی یول اور مارغلان کے شہر، جبکہ کنغراد، چمبے، اساکا، گجدوان، گلیارال، یکہ باغ، خاطرچی، چارٹک، بلونگر، سردریا، دناؤ، کووا، شاوَت اور خزر اسپ جیسے اضلاع شامل ہیں۔
اس پروگرام پر عملدرآمد کی نگرانی وزارتِ معیشت و خزانہ مقامی حکام کے ساتھ مل کر کرے گی۔ LPCP کا مقصد سماجی، یوٹیلیٹی، ٹرانسپورٹ، تجارتی، کاروباری اور سیاحتی سہولیات کے ساتھ ساتھ عوامی مقامات میں سرمایہ کاری کے ذریعے رہائشیوں اور کاروباروں کے لیے بلدیاتی انفراسٹرکچر اور خدمات تک رسائی کو بہتر بنانا ہے۔
اس میں صحت کے مراکز، پری اسکول ادارے، اسکول، پانی کی فراہمی اور نکاسیٔ آب کے نظام، سڑکیں، پیدل چلنے والوں کے راستے، بازار، پارک اور سیلاب سے بچاؤ کی سہولیات شامل ہیں۔ یہ پروگرام ایسے منصوبوں کو فنڈ فراہم نہیں کرے گا جن میں زمین کے حصول یا جبری بے دخلی شامل ہو۔
مقامی حکام کی صلاحیت میں اضافے پر خصوصی توجہ دی گئی ہے تاکہ وہ ماسٹر پلان اور سرمایہ کاری منصوبے بہتر طور پر تیار اور نافذ کر سکیں، نیز شہریوں اور کاروباری طبقے کو ترقیاتی ترجیحات کے تعین میں شامل کیا جا سکے۔ ازبکستان میں پہلی بار مقامی حکام کو دی جانے والی سالانہ مالی معاونت کو براہِ راست کارکردگی کے اشاریوں سے منسلک کیا جائے گا، جن میں علاقائی منصوبہ بندی کے معیار اور انفراسٹرکچر منصوبوں کے مؤثر نفاذ جیسے عوامل شامل ہیں۔
2030 تک توقع ہے کہ LPCP کے تحت 16 اضلاع اور شہروں میں تقریبا 10 لاکھ افراد کے معیارِ زندگی میں براہِ راست بہتری آئے گی، جن میں خواتین کا تناسب تقریبا نصف ہوگا۔ خاص طور پر 3 لاکھ افراد کے لیے ٹرانسپورٹ سہولیات تک رسائی بہتر بنائی جائے گی، 4 لاکھ رہائشیوں کے لیے عوامی مقامات اور پارکس تعمیر یا جدید بنائے جائیں گے، جبکہ انفراسٹرکچر منصوبوں کے نتیجے میں تقریبا 10 ہزار عارضی تعمیراتی روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے