بلوچستان میں مسلح افراد دو بینکوں سے رقم لوٹ کر فرار، فائرنگ سے پولیس اہکار سمیت ایک راہگیر جاں بحق

بلوچستان کے ضلع پنجگور میں نامعلوم مسلح افراد کی جانب سے بینکوں کو نشانہ بنانے کی کوشش کے دوران فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، جس میں انسدادِ دہشت گردی ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کا ایک اہلکار اور ایک عام شہری جان کی بازی ہار گئے۔

پولیس کے مطابق چتکان بازار میں بسم اللہ چوک کے قریب نامعلوم افراد نے بینکوں میں واردات کی کوشش کی۔ اطلاع ملتے ہی سی ٹی ڈی کے ایس پی اپنی ٹیم کے ساتھ جائے وقوعہ پر پہنچے۔ سکیورٹی فورسز کی موجودگی پر مسلح افراد نے اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی، جس کے بعد دونوں جانب سے گولیاں چلیں۔

فائرنگ کے تبادلے کے نتیجے میں ایک سی ٹی ڈی اہلکار ہلاک جبکہ تین دیگر زخمی ہو گئے۔ اس دوران ایک راہ گیر بھی گولی لگنے سے جان سے گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان دو بینکوں سے رقم لوٹ کر گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں پر فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ واقعے کے بعد پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔

ہلاک اور زخمی ہونے والے افراد کو فوری طور پر پنجگور کے گورنمنٹ ٹیچنگ ہسپتال منتقل کر دیا گیا، جبکہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں

Author

اپنا تبصرہ لکھیں