انڈیگو کے آپریشنل بحران کے باعث بھارت میں ہزاروں مسافر پروازیں منسوخ

بھارت میں فضائی سفر گزشتہ چار دنوں سے شدید مشکلات کا شکار ہے کیونکہ ملک کی سب سے بڑی ایئرلائن، انڈیگو، نے تقریباً 500 پروازیں منسوخ کر دی ہیں۔ نئی دہلی سے تمام پروازیں بھی منسوخ ہو گئی ہیں، جس کے باعث ہزاروں مسافر ایئرپورٹس پر پھنس گئے اور کچھ نے احتجاج بھی کیا۔

خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق ایئرلائن نے پروازیں منسوخ ہونے کی بنیادی وجہ انتظامی غلطیاں اور منصوبہ بندی میں کمی ہے۔ انڈیگو نے مسافروں سے معافی مانگی اور یقین دہانی کرائی کہ وہ متاثرہ افراد کی مدد کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گی، تاہم اس بحران کا فوری خاتمہ ممکن نہیں ہے۔

بھارتی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے انڈیگو کی درخواست پر نئی قواعد و ضوابط سے عارضی چھوٹ دی تاکہ ایئرلائن اس بحران سے نمٹ سکے۔ انڈیگو نے پہلے بتایا تھا کہ مکمل طور پر اپنی پروازیں 10 فروری تک بحال نہیں کر سکے گی، تاہم ہفتے سے بتدریج بہتری کی توقع ہے۔ دوسری بڑی ایئرلائنز، جیسے ایئر انڈیا اور اکاسا، کو نئی قواعد کے تحت اپنی پروازیں منسوخ نہیں کرنی پڑیں اور وہ معمول کے مطابق آپریشن جاری رکھے ہوئے ہیں۔

مختلف بڑے شہروں میں بھی صورتحال کافی متاثر ہوئی ہے۔ دہلی میں انڈیگو کی تمام پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں، جبکہ ممبئی میں 165، بنگلور میں 102، اور حیدرآباد میں 92 پروازیں متاثر ہوئیں۔ مسافروں کی مشکلات کے باعث ایئرپورٹس پر ہنگامہ اور احتجاج دیکھنے کو ملا، جس میں کئی افراد نے انتظامات پر ناراضگی کا اظہار کیا

Author

اپنا تبصرہ لکھیں