وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی سعودی ہم منصب سے ملاقات، ٹریننگ ایکسچینج پروگرام پر اتفاق

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے سعودی عرب میں اپنے سعودی ہم منصب شہزادہ عبدالعزیز بن سعود سے اہم ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان سیکیورٹی تعاون کو مزید مضبوط کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ ملاقات کے دوران پولیس اور پیرا ملٹری فورسز کے لیے مشترکہ ٹریننگ ایکسچینج پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ بھی شامل تھا۔

بات چیت میں وزارتِ داخلہ کے شعبوں کے درمیان تعاون کو فروغ دینے، سیکیورٹی امور اور خطے کی مجموعی صورتحال پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر برمی مسلمانوں کے طویل عرصے سے زیرِ التوا لیگل اسٹیٹس کے مسئلے پر بھی گفتگو ہوئی، جس پر سعودی وزیر داخلہ نے اس مسئلے کے حل کے لیے پاکستان کے کردار کی تعریف کی۔

ملاقات میں طے پایا کہ پاکستان اور سعودی عرب کی وزارتِ داخلہ کے ورکنگ گروپ کا اجلاس اگلے ماہ منعقد کیا جائے گا، تاکہ باہمی منصوبوں اور تعاون کے نئے شعبوں پر مزید پیش رفت کی جا سکے۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے گفتگو کے دوران کہا کہ سعودی عرب ہر پاکستانی کے لیے دوسرا گھر ہے اور پاکستان کو سعودی عرب کے ساتھ دیرینہ اور مضبوط تعلقات پر فخر ہے۔

Author

اپنا تبصرہ لکھیں