طبی ماہرین نے کان کا میل صاف کرنے کے لیے روئی یا ایئربڈز استعمال کرنے والوں کو خبردار کیا ہے۔ عام طور پر لوگ کان کی صفائی کے لیے یہ طریقہ استعمال کرتے ہیں، لیکن ماہرین کے مطابق یہ عادت خطرناک ثابت ہو سکتی ہے۔
ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ کان میں درد یا انفیکشن کے تقریباً 70 فیصد کیسز اسی وجہ سے ہوتے ہیں کہ لوگ ایئربڈز یا روئی سے میل صاف کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ اس عمل کے دوران میل کان کے اندر مزید جا سکتا ہے اور انفیکشن، درد، یا کان کے پردے کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔
ماہرین صحت کے مطابق کان کے پردے کو نقصان پہنچنے سے سماعت پر بھی منفی اثر پڑ سکتا ہے۔ اس لیے کسی بھی قسم کی پریشانی یا زیادہ میل ہونے کی صورت میں فوراً ڈاکٹر سے رجوع کرنا ضروری ہے۔
ماہرین نے مشورہ دیا کہ کان کی صفائی کے لیے ہمیشہ خصوصی آلات کا استعمال کریں تاکہ کسی بھی قسم کے نقصان سے بچا جا سکے اور صحت مند سماعت برقرار رہے۔