افغانستان میں 6.4 شدت کا زلزلہ، 20 افراد جاں بحق

افغانستان کے شمالی شہر مزار شریف کے قریب پیر کی صبح 6.3 شدت کا زلزلہ آیا، جس کے نتیجے میں کم از کم 20 افراد جاں بحق اور 300 سے زائد زخمی ہو گئے، جبکہ شہر کی تاریخی نیلی مسجد کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ حکام کے مطابق ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔

امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلہ مزار شریف کے قریب 28 کلومیٹر کی گہرائی میں آیا۔ شہر کی آبادی تقریباً پانچ لاکھ تئیس ہزار ہے۔

افغان وزارتِ صحت کے ترجمان شرفات زمان نے بتایا ہے کہ اب تک 20 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ تقریباً 320 زخمی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ امدادی ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں پہنچ رہی ہیں، تاہم بعض دور دراز دیہات میں رابطے نہ ہونے کے باعث نقصان کی مکمل تفصیلات سامنے آنے میں وقت لگ سکتا ہے۔

وزارتِ صحت کے ترجمان کے مطابق تمام قریبی اسپتالوں کو الرٹ کر دیا گیا ہے اور زخمیوں کے علاج کے لیے ہنگامی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

بلخ صوبے کے ترجمان حاجی زید نے بتایا ہے کہ زلزلے سے مزار شریف کی نیلی مسجد کا ایک حصہ متاثر ہوا ہے۔ یہ مسجد افغانستان کے مقدس ترین مقامات میں شمار ہوتی ہے اور مانا جاتا ہے کہ یہاں نبی کریم ﷺ کے چچا زاد بھائی اور داماد حضرت علی مدفون ہیں۔

Author

اپنا تبصرہ لکھیں