وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف نے کہا ہے کہ غزہ میں امن سے متعلق حالیہ پیش رفت نے جنگ بندی کی نئی امید پیدا کی ہے، جو خطے میں پائیدار امن کے قیام کی راہ ہموار کر سکتی ہے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں وزیر اعظم نے غزہ کی صورتِ حال پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حماس کے تازہ بیان نے جنگ بندی اور امن کے قیام کے لیے ایک اہم موقع فراہم کیا ہے، جسے کسی صورت ضائع نہیں ہونا چاہیے۔
شہباز شریف نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، قطر، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور دیگر اسلامی ممالک کا شکریہ ادا کیا جو فلسطین کے مسئلے کے حل کے لیے کوششیں کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اپنے تمام برادر ممالک کے ساتھ مل کر فلسطین میں پائیدار امن کے لیے کام جاری رکھے گا۔
دوسری جانب پاکستان کے دفترِ خارجہ نے بھی حماس کے ردعمل کا خیر مقدم کیا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق، غزہ میں فوری جنگ بندی کو یقینی بنایا جائے، تمام یرغمالیوں اور فلسطینی قیدیوں کو رہا کیا جائے، اور انسانی بنیادوں پر امداد کی بلا تعطل فراہمی ممکن بنائی جائے۔
دفتر خارجہ کے مطابق، پاکستان فلسطین میں پائیدار امن کے لیے ایک بااعتماد سیاسی عمل کے آغاز کا خواہاں ہے اور اس ضمن میں اسلام آباد تعمیری اور بامقصد کردار ادا کرتا رہے گا۔
پاکستان نے اپنے اصولی مؤقف کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ایک خودمختار فلسطینی ریاست کے قیام کا حامی ہے جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو، اور جس کی سرحدیں بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق 1967 سے پہلے کی حد بندی پر مشتمل ہوں۔