انڈیا کو روس سے تیل خریدنا بند کرنا چاہیے، امریکی سفیر سرجیو گور

امریکہ کی جانب سے بھارتی مصنوعات پر 50 فیصد ٹیرف عائد کیے جانے کے بعد دونوں ملکوں کے تعلقات غیر یقینی صورتحال سے دوچار ہیں۔

اس کے باوجود کہ صدر ٹرمپ کے قریبی ساتھی سرجیو گور کو بھارت کے لیے امریکی سفیر نامزد کر دیا گیا ہے، دہلی اور واشنگٹن کے درمیان تعلقات میں کوئی واضح بہتری نظر نہیں آ رہی۔

جمعرات کو امریکی سینیٹ میں سرجیو گور کی بطور سفیر تقرری کی توثیق کے اجلاس کے دوران بھی انھوں نے وہی مطالبات دہرا دیے جو بھارتی حکومت کے لیے تشویش کا باعث ہیں۔

سرجیو گور نے کہا کہ بھارت امریکہ کا ایک اہم شراکت دار ہے اور دونوں ملکوں کے درمیان جاری تجارتی مذاکرات کے نتائج جلد سامنے آئیں گے، تاہم ساتھ ہی انھوں نے یہ بھی واضح کیا کہ واشنگٹن کے لیے بھارت کا روس سے تیل خریدنا بند کرانا سب سے بڑی ترجیح ہے۔

انھوں نے زور دیا کہ بھارت کو روس سے تیل کی خریداری روکنی ہوگی اور بتایا کہ صدر ٹرمپ نے اس حوالے سے بھارت کے وزرائے تجارت کو ٹریڈ ڈیل پر براہ راست مذاکرات کے لیے امریکہ مدعو کیا ہے۔

سرجیو گور کا یہ بھی کہنا تھا کہ مستقبل میں توانائی کے شعبے میں امریکہ بھارت کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار بن سکتا ہے۔

Author

اپنا تبصرہ لکھیں