امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امید ظاہر کی ہے کہ بہت جلد غزہ میں جنگ بندی معاہدہ طے پا جائے گا۔ نیویارک سے واشنگٹن واپسی پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان کے خیال میں جلد ہی تمام زندہ اور مردہ یرغمالی بھی واپس آ جائیں گے۔
ٹرمپ نے مزید بتایا کہ انہوں نے حماس کو ’حتمی الٹی میٹم‘ دیا ہے کہ اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی سے متعلق معاہدہ قبول کر لیا جائے۔ اس سے قبل اپنے ٹروتھ سوشل پیغام میں صدر ٹرمپ نے کہا تھا کہ اسرائیل ان کی شرائط تسلیم کر چکا ہے اور اب وقت ہے کہ حماس بھی انہیں قبول کرے، بصورت دیگر نتائج بھگتنے ہوں گے۔
ادھر حماس نے تصدیق کی ہے کہ ثالثوں کے ذریعے انہیں امریکہ کی جانب سے نئی تجاویز موصول ہوئی ہیں۔ تنظیم نے کہا ہے کہ وہ کسی بھی ایسی تجویز کا خیر مقدم کرے گی جس سے فلسطینی عوام کے خلاف جارحیت کا خاتمہ ممکن ہو۔ تاہم حماس نے اس کے بدلے ’جنگ کے باضابطہ خاتمے کا اعلان، غزہ سے مکمل انخلا، اور انتظام کے لیے خود مختار فلسطینی کمیٹی کی تشکیل‘ کا مطالبہ کیا ہے۔