افغانستان میں زلزلے سے 800 افراد جاں بحق، 2500 سے زائد زخمی

افغانستان کے مشرقی علاقوں میں آنے والے شدید زلزلے نے تباہی مچا دی، جس کے نتیجے میں کم از کم 800 افراد ہلاک اور 2500 سے زائد زخمی ہو گئے۔ ہلاکتوں اور زخمیوں کی یہ تعداد افغان حکومت کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ہے۔

اتوار کی رات 11 بجکر 47 منٹ پر 6.0 شدت کا زلزلہ آیا جس کا مرکز امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق ننگرہار صوبے کے شہر جلال آباد سے مشرق شمال مشرق میں 27 کلومیٹر دور اور صرف 8 کلومیٹر گہرائی میں تھا۔

زلزلے نے سب سے زیادہ نقصان صوبہ کنڑ میں پہنچایا جہاں مکانات ملبے کا ڈھیر بن گئے۔ فوٹیج میں دیکھا گیا کہ لوگ اپنے ہاتھوں سے ملبہ ہٹا کر لاپتہ افراد کی تلاش کر رہے ہیں، جبکہ ریسکیو اہلکار زخمیوں کو اسٹریچرز پر ڈال کر عمارتوں کے ملبے سے نکال رہے تھے اور ہیلی کاپٹروں کے ذریعے اسپتال منتقل کر رہے تھے۔

افغان حکومت کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے پیر کے روز پریس کانفرنس میں بتایا کہ زیادہ تر جانی نقصان کنڑ میں ہوا ہے۔

افغانستان میں زیادہ تر عمارتیں کچی اینٹوں، لکڑی اور کمزور ڈھانچوں پر مشتمل ہیں، جنہیں ایسے شدید جھٹکے برداشت نہیں ہوتے۔ یہی وجہ ہے کہ نقصان اور ہلاکتوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔

Author

اپنا تبصرہ لکھیں