پاکستان کے صوبہ پنجاب میں حالیہ بارشوں اور اس سے جڑے حادثات کے باعث چار افراد جان کی بازی ہار گئے، جبکہ 27 افراد زخمی ہو چکے ہیں۔ یہ اعداد و شمار ریسکیو 1122 کے ترجمان فاروق احمد نے جاری کیے، جن کے مطابق، مختلف شہروں میں پیش آنے والے واقعات میں جان و مال کا نقصان ہوا ہے۔
اوکاڑہ کے علاقے بستی ریاض آباد میں چھت گرنے کا واقعہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں پانچ سالہ بچی جاں بحق ہو گئی۔ اسی طرح خانیوال میں آسمانی بجلی گرنے سے ایک شخص ہلاک ہوا۔ بہاولنگر میں بھی ایک مکان کی چھت گرنے سے ایک اور فرد کی جان چلی گئی، جبکہ جہلم میں برساتی نالے میں ایک شخص ڈوب کر ہلاک ہو گیا۔
ریسکیو 1122 نے شہریوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ، وہ بجلی کے کھمبوں، اشتہاری بورڈز اور نشیبی علاقوں سے دور رہیں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں تاکہ مزید جانی نقصان سے بچا جا سکے۔
محکمہ موسمیات نے پہلے ہی الرٹ جاری کر دیا تھا، جس میں کہا گیا تھا کہ، شدید بارشوں کے باعث مختلف علاقوں میں ندی نالوں میں طغیانی آ سکتی ہے۔ متاثرہ علاقوں میں مری، گلیات، مانسہرہ، کوہستان، دیر، سوات، شانگلہ، نوشہرہ، صوابی، اسلام آباد، راولپنڈی، ڈی جی خان، شمال مشرقی پنجاب اور کشمیر شامل ہیں۔
اس کے علاوہ، محکمہ موسمیات نے یہ بھی انتباہ دیا ہے کہ، اسلام آباد، راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، سیالکوٹ، سرگودھا، فیصل آباد، نوشہرہ، چارسدہ اور پشاور کے نشیبی علاقوں میں سیلابی پانی جمع ہونے کا خدشہ ہے، جو مقامی آبادی کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔