پاکستان کے سابق وزیراعظم عمران خان کی 8 مقدمات میں درخواست ِضمانت مسترد

صوبہ پنجاب کےلاہور ہائیکورٹ نے 9 مئی کو ہونے والے پرتشدد واقعات سے متعلق آٹھ مختلف مقدمات میں سابق وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے دائر کی گئی درخواستِ ضمانت مسترد کر دی ہے۔

ان مقدمات میں کور کمانڈر ہاؤس لاہور پر حملے، عسکری ٹاور، شادمان کے علاقے میں جلاؤ گھیراؤ، اور راحت بیکری کے قریب گاڑیوں کو آگ لگانے جیسے الزامات شامل ہیں۔

عمران خان پر الزام ہے کہ، انہوں نے ان تمام کارروائیوں میں تحریک انصاف کے کارکنان کو اکسانے کا کردار ادا کیا۔

یہ فیصلہ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شہباز رضوی پر مشتمل دو رکنی بینچ نے سنایا، جس نے گزشتہ روز ان درخواستوں پر فریقین کے دلائل مکمل ہونے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا تھا۔ عمران خان نے یہ درخواستیں 15 جنوری کو اپنے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر کے توسط سے دائر کی تھیں۔

واضح رہے کہ، عمران خان اس وقت راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں قید ہیں۔ رواں برس جنوری میں انہیں 190 ملین پاؤنڈز کے کیس میں 14 سال قید کی سزا سنائی گئی تھی، تاہم توشہ خانہ کیس میں ان کی سزا معطل کر دی گئی تھی، اور عدت کے دوران نکاح اور سائفر کیس میں انہیں بری کر دیا گیا تھا۔

Author

اپنا تبصرہ لکھیں