حکومت افغانستان نے ایرانی حجاج کو افغانستان عبور کرنے کے دوران ایک ماہ کے لیے ویزا سے مستثنیٰ قرار دیا

حکومت افغانستان کے وزیر خارجہ مولوی امیر خان متقی سے آج کابل میں اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر علی رضا بیکدلی نے ملاقات و گفتگو کی۔افغانستان کی سرکاری باختر ایجنسی کے مطابق وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اس ملاقات میں خطے کی تازہ صورتحال اور ایرانی زائرین کی افغانستان کے راستے واپسی کے امور پر بات چیت ہوئی۔

وزیر خارجہ نے اسرائیلی حملے کی مذمت کرتے ہوئے اسے بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی قرار دیا اور کہا کہ افغان عوام ایرانی عوام کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔

امیرخان متقی نے مزید کہا کہ امارت اسلامیہ سعودی عرب سے واپسی پر افغانستان سے گزرنے والے ایرانی زائرین کو سہولت فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔ اس اقدام کے تحت وزیراعظم آفس کی منظوری سے ایسے زائرین کو ایک ماہ کے لیے ویزا سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ امارت اسلامیہ کے متعلقہ اداروں خاص طور پر ہرات میں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ایرانی زائرین کی محفوظ نقل و حمل کے لیے تمام ممکنہ سہولیات فراہم کریں۔

اس موقع پر ایران کے سفیر علی رضا بیکدلی نے ایران کے مؤقف سے آگاہ کرتے ہوئے امارت اسلامی کی جانب سے زائرین کے لیے فراہم کردہ سہولیات کو قابل قدر اور دو طرفہ تعلقات کے فروغ کی جانب اہم قدم قرار دیا۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ دونوں ممالک کے متعلقہ ادارے ایرانی زائرین کی منتقلی کا عمل کامیابی سے مکمل کریں گے۔

Author

اپنا تبصرہ لکھیں