پاکستان بحریہ کی جانب سے ریسکیو کیے گئے زخمی بھارتی اہلکار اپنے وطن روانہ

پاکستان میں زیر علاج رہنے کے بعد زخمی بھارتی اہلکار اپنے وطن واپس روانہ ہو چکے ہیں۔ یہ اہلکار لائبیریا کے آئل ٹینکر ایم ٹی ہائی لیڈر پر تعینات تھا، اور زخمی ہونے کے بعد طبی امداد کے لیے پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی سے مدد طلب کی گئی تھی۔

پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کے ترجمان کے مطابق، سمندر میں تیز لہروں کے دوران انڈین اہلکار گر کر زخمی ہو گیا تھا اور اسے بائیں ہاتھ پر شدید چوٹ آئی۔ ان کا کہنا تھا کہ، یہ چوٹ اتنی گہری تھی کہ، اگر فوری طور پر خون نہ روکا جاتا اور طبی امداد فراہم نہ کی جاتی تو اہلکار کی جان بھی جا سکتی تھی۔

شپ انتظامیہ نے فوری طور پر پاکستان بحریہ کے جوائنٹ میری ٹائم انفارمیشن اینڈ کوآرڈینیشن سینٹر سے رابطہ کیا، جس کے بعد زخمی اہلکار کو کراچی منتقل کیا گیا، جہاں ایک نجی ہسپتال میں اس کا علاج کیا گیا۔ مکمل طبی امداد کے بعد وہ اپنے وطن واپس روانہ ہو گیا۔

یہ امدادی کارروائی بین الاقوامی قوانین، خصوصا انٹرنیشنل میری ٹائم آرگنائزیشن کے طے کردہ ضوابط کے تحت انجام دی گئی۔ پاکستان میں قائم ریجنل میری ٹائم انفارمیشن اینڈ کوآرڈینیشن سینٹر کے مطابق، اگر پاکستان کے ساحل سے 840 ناٹیکل میل کے دائرے میں کہیں بھی ریسکیو یا تلاش کی ضرورت پیش آئے تو پاکستان امداد فراہم کرنے کا پابند ہے۔

پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے اس کامیاب ریسکیو آپریشن کی ویڈیو بھی جاری کی گئی ہے، جس میں زخمی بھارتی شہری بتاتا ہے کہ، زخمی ہونے کے بعد ان کے سینیئرز نے پاکستان نیوی سے رابطہ کیا، جس کے بعد میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی نے بروقت ریسکیو کر کے علاج فراہم کیا، اور وہ خود کو پاکستان میں محفوظ محسوس کرتا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق، انڈین اہلکار کا بروقت اور کامیاب ریسکیو آپریشن قومیت سے بالاتر ہو کر پاکستان کے بین الاقوامی فرائض کی ادائیگی کا مظہر ہے اور یہ واقعہ سمندر میں انسانی جانوں کی حفاظت کے لیے پاکستان بحریہ کے غیرمعمولی کردار کا ثبوت ہے۔

یاد رہے کہ دسمبر 2023 میں بھی پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی نے گہرے سمندر میں ایک بھارتی کارگو جہاز کے 12 عملے کے افراد کی جان بچائی تھی۔

Author

اپنا تبصرہ لکھیں