چین میں 10 جی براڈ بینڈ انٹرنیٹ سروس متعارف

چین نے ایک اہم ٹیکنالوجیکل سنگِ میل عبور کرتے ہوئے 10 جی براڈ بینڈ انٹرنیٹ سروس متعارف کرا دی ہے، جس کی رفتار نے دنیا کو حیران کر دیا ہے۔

غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق اس انٹرنیٹ سروس کی ڈاؤن لوڈ اسپیڈ 9,934 میگا بائٹس فی سیکنڈ جبکہ اپ لوڈ اسپیڈ 1,008 میگا بائٹس فی سیکنڈ تک ہے۔ اس رفتار کے ساتھ، تقریباً 20 جی بی کی فل لینتھ 4K فلم صرف 20 سیکنڈ میں ڈاؤن لوڈ کی جا سکتی ہے۔

ماہرین کے مطابق 10 جی براڈ بینڈ کی یہ لانچ نہ صرف ٹیلی کمیونی کیشن سیکٹر بلکہ صحت، تعلیم، زراعت اور صنعتی شعبوں میں بھی انقلاب برپا کر سکتی ہے۔ خاص طور پر ٹیلی میڈیسن، ریموٹ ایجوکیشن، اسمارٹ ایگری کلچر اور صنعتی آٹومیشن جیسے شعبے اس سروس سے خاطر خواہ فائدہ اٹھا سکیں گے۔

حکام کا کہنا ہے کہ چین کا یہ اقدام تجارتی سطح پر 10 جی نیٹ ورکس کے نفاذ میں دیگر ممالک پر سبقت حاصل کرنے کی ایک مثال ہے۔ اس پیش رفت کو چین کی وسیع ڈیجیٹل حکمت عملی کا حصہ قرار دیا جا رہا ہے، جس میں براڈ بینڈ کی رسائی میں توسیع، کلاؤڈ انفراسٹرکچر کی بہتری، اور مصنوعی ذہانت و اسمارٹ ڈیوائسز کے لیے نیٹ ورک کی تیاری شامل ہے۔

تاہم، حکام کی جانب سے اس نئی سروس کی قیمت یا سبسکرپشن ماڈل کے بارے میں تاحال کوئی وضاحت نہیں کی گئی۔

Author

اپنا تبصرہ لکھیں