مارک زکربرگ کی مستقبل کے حوالے سے حیران کن پیشگوئی

میٹا کے چیف ایگزیکٹو مارک زکربرگ نے مستقبل کے حوالے سے ایک دلچسپ اور حیران کن پیشگوئی کی ہے، جس میں انہوں نے کہا کہ آنے والے دنوں میں آرٹیفیشل انٹیلیجنس (اے آئی) ٹیکنالوجی انسانی زندگی کا لازمی حصہ بن جائے گی، جو نہ صرف دوستوں بلکہ بزنس ایجنٹس، تھراپسٹ اور دیگر اہم کرداروں کی جگہ لے لے گی۔

وال اسٹریٹ جرنل کی رپورٹ کے مطابق، ایک حالیہ کانفرنس میں زکربرگ نے ایک ڈیجیٹل مستقبل کا تصور پیش کیا جس میں اے آئی کے ذریعے ورچوئل دوستوں کی تعداد حقیقی انسانوں سے بھی بڑھ جائے گی۔ اس تبدیلی کے نتیجے میں اے آئی چیٹ بوٹس تھراپسٹ، اشتہاری ایجنسیوں اور کوڈرز کا متبادل بن جائیں گے۔

زکربرگ نے اس بات پر زور دیا کہ حقیقی دنیا میں لوگ زیادہ سماجی تعلقات اور دوستوں کی خواہش رکھتے ہیں، مگر روزمرہ کی مصروفیتوں کی وجہ سے نئے دوست بنانا مشکل ہوتا ہے۔ ان کے مطابق، ہر فرد اوسطاً 15 دوست بنانا چاہتا ہے، مگر اس کا انتظام کرنا ایک چیلنج بن جاتا ہے۔

انہوں نے 2021 کی ایک تحقیق کا حوالہ بھی دیا، جس میں یہ انکشاف کیا گیا کہ اوسطاً ہر امریکی کے پاس 3 سے کم قریبی دوست ہیں۔ ان کا ماننا ہے کہ یہی وہ مقام ہے جہاں اے آئی ٹیکنالوجی ان افراد کے لیے ایک اہم حل ثابت ہوگی جو زیادہ سماجی تعلقات چاہتے ہیں یا جنہیں صحت کی دیکھ بھال کے لیے ڈاکٹروں تک رسائی میں مشکلات پیش آتی ہیں۔

زکربرگ نے یہ بھی کہا کہ وہ افراد جنہیں تھراپسٹ تک رسائی نہیں مل پاتی، وہ اے آئی کی مدد سے اپنے مسائل حل کر سکیں گے۔ ان کے مطابق، اے آئی انسانوں کی پسند اور ترجیحات کو سمجھنے میں اتنی مہارت حاصل کر سکے گا کہ یہ حقیقی دوستوں یا رشتہ داروں سے بھی زیادہ بہتر طریقے سے کام کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ “میرے خیال میں لوگ ایسے سسٹمز کو پسند کریں گے جو انہیں بہتر طور پر سمجھیں اور ان کی ضروریات کے مطابق کام کریں۔”

اس پیشگوئی کے ذریعے مارک زکربرگ نے اے آئی کی دنیا میں آنے والے انقلاب کی ایک جھلک پیش کی ہے، جو مستقبل میں انسانی زندگی کے کئی پہلوؤں کو بدل کر رکھ دے گا۔

Author

اپنا تبصرہ لکھیں