دنیا کے طاقتور ترین پاسپورٹس کی فہرست میں ایشیائی ملک بھی شامل

ہینلے اینڈ پارٹنرز کی جاری کردہ تازہ ترین رپورٹ کے مطابق، دنیا کے طاقتور ترین پاسپورٹس کی فہرست میں سنگاپور پہلے نمبر پر آگیا ہے۔ سنگاپور کے پاسپورٹ رکھنے والے افراد کو 195 ممالک میں ویزا فری داخلے کی سہولت حاصل ہے، جس کی بدولت اسے دنیا کا مضبوط ترین پاسپورٹ قرار دیا گیا ہے۔

فہرست میں فرانس، جرمنی، اٹلی، جاپان اور اسپین کے پاسپورٹس مشترکہ طور پر دوسرے نمبر پر ہیں، جو 192 ممالک تک ویزا فری رسائی فراہم کرتے ہیں۔ تیسرے نمبر پر آسٹریا، ڈنمارک، جنوبی کوریا، فن لینڈ، آئرلینڈ، لگسمبرگ، سویڈن اور نیدرلینڈز کے پاسپورٹس ہیں، جن کے حامل افراد کو 191 ممالک میں ویزا فری داخلہ ملتا ہے۔

اسی طرح، بیلجیئم، برطانیہ، سوئٹزر لینڈ، نیوزی لینڈ اور ناروے کے پاسپورٹس 190 ممالک تک ویزا فری رسائی کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہیں۔ آسٹریلیا اور پرتگال کے پاسپورٹس 189 ممالک میں ویزا فری داخلے کے ساتھ پانچویں نمبر پر رہے۔ دیگر ممالک میں یونان اور پولینڈ چھٹے نمبر پر (188 ممالک)، جبکہ کینیڈا، ہنگری، مالٹا اور چیک ریپبلک ساتویں نمبر پر (187 ممالک) ہیں۔

امریکی پاسپورٹ، جو 186 ممالک تک ویزا فری رسائی فراہم کرتا ہے، فہرست میں آٹھویں نمبر پر موجود ہے، جبکہ ایسٹونیا، لتھوانیا اور متحدہ عرب امارات کا پاسپورٹ 9 ویں، اور آئس لینڈ، سلواکیہ اور لٹویا کا پاسپورٹ 10 ویں نمبر پر شمار ہوتا ہے۔

پاکستان، اس فہرست میں نیچے کی جانب 102 ویں نمبر پر ہے، جس کے حامل افراد 33 ممالک میں ویزا فری داخلے کی سہولت حاصل کرسکتے ہیں۔ یمن بھی 102 ویں نمبر پر پاکستان کے ساتھ ہے۔ اس سے نیچے عراق (103)، شام (104) اور افغانستان (105) میں شامل ہیں، جنہیں دنیا کے کمزور ترین پاسپورٹس کا درجہ دیا گیا ہے۔

دیگر کمزور پاسپورٹ والے ممالک میں صومالیہ (101)، نیپال (100)، لیبیا (100)، بنگلادیش (99)، فلسطین (99)، اور شمالی کوریا (98) شامل ہیں، جو پاکستان سے اوپر شمار کیے گئے ہیں۔

Author

اپنا تبصرہ لکھیں