اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے سامنے پاکستانی پرچم لہرایا گیا

پاکستان نے آٹھویں مرتبہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے غیر مستقل رکن کی حیثیت سے ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں۔ اس موقع پر سلامتی کونسل کے چیمبر کے سامنے پاکستانی قومی پرچم لہرانے کی شاندار تقریب منعقد ہوئی، جس میں پاکستان کے متبادل مستقل نمائندے سفیر عاصم افتخار احمد نے قومی پرچم لہرایا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سفیر عاصم افتخار احمد نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قوانین کی پاسداری کرتے ہوئے سلامتی کونسل کے فیصلوں پر موثر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے پُرعزم ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان عالمی امن و سلامتی کے قیام، مساوی حقوق، اور خود ارادیت کے اصولوں پر مبنی ممالک کے درمیان دوستانہ تعلقات کے فروغ میں اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ غیر ملکی قبضے کی مخالفت کرتا رہا ہے اور جبر کے شکار لوگوں کے حق خود ارادیت کے لیے اپنی آواز بلند رکھے گا۔ سفیر نے باہمی تعاون پر مبنی کثیرالجہتی کو موجودہ عالمی چیلنجز سے نمٹنے کا بہترین ذریعہ قرار دیا۔

سفیر عاصم افتخار احمد نے زور دیا کہ دیرینہ تنازعات اور نئے مسائل کے حل کے لیے مذاکرات، سفارت کاری، اور اعتماد سازی کو فروغ دینا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہتھیاروں کی دوڑ کو روکنے، کشیدگی کم کرنے، اور امن و استحکام کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے پر کام کرے گا۔

پاکستان سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر موجود مسائل کے منصفانہ اور پرامن حل کے لیے دیگر رکن ممالک کے ساتھ شراکت داری کو فروغ دے گا اور پائیدار امن کے قیام کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔

Author

اپنا تبصرہ لکھیں