مقبوضہ کشمیر کی ریاستی اسمبلی کا پہلا تاریخی اجلاس آج منعقد ہوگا، جس میں آرٹیکل 370 کے خاتمے کے خلاف قرارداد پیش کی جائے گی۔
نومنتخب وزیراعلیٰ عمر عبداللہ خصوصی حیثیت کے خاتمے کے اقدام کی مخالفت میں یہ قرارداد پیش کریں گے، اور بھارتی حکومت کے 5 اگست 2019 کے اقدامات کے خلاف بھرپور احتجاج بھی ریکارڈ کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ پانچ سال قبل بھارتی حکومت نے جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت کو ختم کیا تھا، اور چھ سال بعد یہ پہلا موقع ہے کہ جموں و کشمیر اسمبلی کا اجلاس منعقد ہو رہا ہے، جس میں لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا بھی خطاب کریں گے۔
اجلاس کے دوران اسپیکر کا انتخاب بھی متوقع ہے، نیشنل کانفرنس نے عبدالرحیم راٹھور کو اسپیکر کے عہدے کے لیے نامزد کیا ہے، جبکہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی جانب سے سنیل شرما کو اپوزیشن لیڈر مقرر کیا گیا ہے۔
یہ تاریخی اجلاس ریاست جموں و کشمیر کی سیاسی تقدیر اور آئینی حیثیت پر اہم بحث کا محور ہوگا۔