انگلینڈ کے شہر ریڈنگ میں جڑواں بھائیوں نے دنیا کا سب سے بڑا اور بھاری کدو اُگا کر دو عالمی ریکارڈ اپنے نام کر لیے۔
برطانیہ کے علاقے ہیمپشائر سے تعلق رکھنے والے اسٹوورٹ اور ایان پیٹن نامی جڑواں بھائی پچاس سال سے بڑے قدو اُگا رہے ہیں۔ انہوں نے کئی بار ریکارڈ توڑنے کی کوشش کی، مگر اس بار آخرکار کامیابی حاصل کر لی۔
ان کے اگائے گئے دیو ہیکل کدو کا وزن 2 ہزار 8 سو 19 پاؤنڈ (1 ہزار 2 سو 78 کلوگرام) ہے، جبکہ اس کا گھیرا 21 فٹ سے زیادہ ہے۔ یہ ریکارڈ ریڈنگ کے قریب ایک سبزیوں کے مقابلے میں قائم کیا گیا۔
پہلے سب سے بھاری کدو کا عالمی ریکارڈ امریکہ کے پاس تھا، جس کا وزن 2 ہزار 7 سو 49 پاؤنڈ تھا۔ اب پہلی بار یہ اعزاز برطانیہ کو ملا ہے۔
بھائیوں نے بتایا کہ وہ تیرہ سال کی عمر سے بڑے کدو اُگا رہے ہیں۔ انہوں نے اپنے کدو کو کمپیوٹر کے ذریعے قابو کیے گئے گرین ہاؤس میں اُگایا، جسے روزانہ بہت زیادہ پانی درکار ہوتا تھا۔
اسٹوورٹ پیٹن کے مطابق یہ کدو کئی ماہ پرانا ہے اور کچھ دنوں تک روزانہ تیزی سے بڑھتا رہا۔ انہوں نے بتایا کہ ماضی میں ان کے کچھ بڑے کدو نیویارک کے چڑیا گھر میں ہاتھیوں کو کھلانے کے لیے بھیجے گئے تھے۔
یہ نیا دیو قامت کدو اب ساؤتھمپٹن کے قریب سنی فیلڈز فارم میں نمائش کے لیے رکھا گیا ہے تاکہ لوگ اسے دیکھ سکیں۔اسٹوورٹ نے کہا، “ہم چاہتے ہیں کہ بچے اور دوسرے لوگ بھی اس سے متاثر ہوں اور خود اگانے کی کوشش کریں۔”
انہوں نے مزید بتایا کہ یہ ان کی زندگی کا آخری کدو ہے کیونکہ وہ اب اپنے خاندان کے ساتھ زیادہ وقت گزارنا چاہتے ہیں۔ان کے بھائی ایان نے مسکراتے ہوئے کہا کہ وہ ابھی ریٹائر نہیں ہو رہے، بلکہ اگلا ہدف “دنیا کا سب سے بڑا پیاز اگانے کا” ہے۔