صدر شوکت مرزائیوف نے کہا ہے کہ ازبکستان غزہ کی پٹی میں رہائشی عمارتوں ، اسکولوں اور ہسپتالوں کی تعمیر نو میں کردارادا کرنے کے لیے تیار ہے۔
واشنگٹن میں منعقدہ پہلے “بورڈ آف پیس” اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس فورم کا کام غزہ کی معاشی اور سماجی بحالی کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے میں مدد دے گا۔
انہوں نے کہا کہ ازبکستان نے امن کے اس اقدام کی حمایت کی ہے اور اس کے عملی نفاذ میں فعال کردار ادا کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ ان کے مطابق یہ اجلاس بین الاقوامی یکجہتی اور مشرقِ وسطیٰ میں حالات بہتر بنانے کی مشترکہ خواہش کی عکاسی کرتا ہے۔
صدر مرزائیوف نے کہا کہ ہمیں اس تاریخی موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے غزہ کی تعمیر نو کرنی چاہیے جہاں مضبوط معیشت اور بہتر طرزِ زندگی ممکن ہو۔
انہوں نے اس سربراہی اجلاس کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی “سیاسی بصیرت اور عملی سوچ” کا نتیجہ قرار دیا۔
واضح رہے کہ اسرائیل نے 8 اکتوبر 2023 کو غزہ میں جنگ کا آغاز کیا تھا۔ حکام کے مطابق اس جنگ میں اب تک 72 ہزار سے زائد فلسطینی ہلاک اور ایک لاکھ 71 ہزار سے زیادہ زخمی ہو چکے ہیں، جن میں بڑی تعداد خواتین اور بچوں کی ہے۔ رپورٹس کے مطابق غزہ کے تقریباً 90 فیصد شہری ڈھانچے کو بھی نقصان پہنچا ہے۔