امریکی صدر کا سعودی عرب کو ایف 35 طیارے فراہم کرنے کا اعلان

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سعودی عرب کو جدید ترین ایف 35 جنگی طیارے فراہم کرنے کا باقاعدہ اعلان کر دیا ہے۔ یہ اعلان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب سعودی ولی عہد محمد بن سلمان اہم دورے پر واشنگٹن پہنچ رہے ہیں، جہاں دونوں ممالک کے درمیان متعدد دفاعی اور معاشی معاہدوں پر بات چیت متوقع ہے۔

سعودی ولی عہد آج واشنگٹن پہنچیں گے جہاں ان کا سرکاری سطح پر شاندار استقبال کیا جائے گا۔ وائٹ ہاؤس کے باہر سعودی پرچم بھی لہرا دیے گئے ہیں جبکہ امریکی انتظامیہ نے معزز مہمان کے استقبالیے کی تمام تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔

سعودی میڈیا کے مطابق محمد بن سلمان آج اوول آفس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کریں گے۔ اس ملاقات میں ایف 35 جنگی طیاروں کی فراہمی، دفاعی تعاون میں توسیع، دوطرفہ تعلقات اور اسٹریٹجک پارٹنرشپ پر تفصیلی گفتگو ہوگی۔ اس کے ساتھ فلسطین کے دو ریاستی حل سے متعلق امور بھی ایجنڈے کا حصہ ہوں گے۔

دونوں ممالک کے درمیان سرمایہ کاری سے متعلق ایک اہم سربراہی اجلاس 19 نومبر کو واشنگٹن میں منعقد ہوگا، جس میں امریکی صدر کی شرکت بھی متوقع ہے۔ اجلاس میں توانائی، ٹیکنالوجی، دفاعی صنعت اور سرمایہ کاری کے کئی بڑے منصوبوں پر پیش رفت کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے بیان میں سعودی عرب کو امریکا کا ’’عظیم دوست‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات خطے میں استحکام کے لیے نہایت اہم ہیں۔ تجزیہ کاروں کے مطابق ایف 35 طیاروں کی فراہمی کا فیصلہ امریکا اور سعودی عرب کے دفاعی تعلقات کو نئی سطح پر لے جانے کا اشارہ ہے

Author

اپنا تبصرہ لکھیں