برطانیہ کے عظیم باکسر رکی ہیٹن 46 برس کی عمر میں چل بسے

برطانیہ کے معروف باکسر اور سابق دو وزن کے عالمی چیمپئن رکی ہیٹن 46 سال کی عمر میں انتقال کر گئے۔ ان کے انتقال کی تصدیق عالمی باکسنگ تنظیم WBA نے کی ہے۔

رکی ہیٹن، جو ’’ہٹ مین‘‘ کے لقب سے جانے جاتے تھے، نے اپنے کیریئر کے دوران لائٹ ویلٹر ویٹ اور ویلٹر ویٹ کیٹیگریز میں متعدد ٹائٹلز جیتے۔ انہوں نے ڈبلیو بی اے، آئی بی ایف اور آئی بی او چیمپئن شپ ٹائٹلز اپنے نام کیے۔ ہیٹن نے 2012 میں باکسنگ کو خیرباد کہہ دیا تھا، لیکن حال ہی میں وہ دبئی میں ہونے والی ایک نمائشی فائٹ کے لیے واپسی کی تیاری کر رہے تھے۔

پولیس کے مطابق ان کی لاش اتوار کی صبح گریٹر مانچسٹر کے علاقے ہائیڈ میں ایک مکان سے برآمد ہوئی۔ رکی ہیٹن نے اپنے پروفیشنل کیریئر میں 48 فائٹس میں سے 45 میں کامیابی حاصل کی، لیکن ریٹائرمنٹ کے بعد وہ ذہنی دباؤ، منشیات اور شراب نوشی جیسے مسائل کا شکار ہو گئے تھے۔ ماضی میں وہ خودکشی کی کوششوں کا بھی اعتراف کر چکے تھے۔

ان کی یادگار ترین جیت 2005 میں آسٹریلیا کے کوستیا زو کے خلاف تھی، جب انہوں نے آئی بی ایف لائٹ ویلٹر ویٹ کا ٹائٹل جیتا۔ اس کامیابی کے بعد وہ مکمل طور پر پرانی فارم میں واپس نہ آ سکے۔

رکی ہیٹن کے انتقال پر دنیا بھر سے تعزیت کا سلسلہ جاری ہے۔ پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان نے کہا کہ ہم نے صرف ایک عظیم باکسر ہی نہیں، بلکہ ایک بہترین دوست، استاد اور فائٹر کو کھو دیا ہے۔ وہ ہمیشہ ہمارے دلوں میں زندہ رہیں گے۔

Author

اپنا تبصرہ لکھیں