آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 میں 23 فروری کو ہونے والے پاک بھارت ٹاکرے سے قبل ہی دبئی کی سیاحتی انڈسٹری میں زبردست تیزی متوقع ہے ، دبئی کی سیاحتی انڈسٹری کی جانب سے ہوٹلوں اور ائیر لائنز کے کرایوں میں ہوشربا اضافے کا امکان ہے ۔
سیاحتی کمپنیوں نے گزشتہ چند ہفتوں کے دوران جہاز کے کرایوں اور ہوٹل کی بکنگ میں اضافہ کر دیا ہے ۔ یہ رجحان ماضی میں ہونے والے اس ہائی پروفائل مقابلے سے قبل بھی دیکھا گیا تھا ۔
سیاحتی انڈسٹری کے ماہرین کا کہنا ہے بھارت، پاکستان اور دیگر ممالک کے مداح اپنے سفری معاملات کو آئندہ دنوں میں حتمی شکل دے لیں گے ۔ پاک بھارت ٹاکرا دیکھنے کیلئے شائقین کو بکنگ اور فضائی کرایوں میں 20 سے 50 فی صد اضافے کا سامنا کرنا ہوگا، جبکہ آخری لمحات میں کرائے ممکنہ طور پر دُگنے ہونے کا بھی امکان ہے ۔
ایک سیاحتی کمپنی کے عہدے دار کا کہنا ہے ، پاک بھارت میچ کے حوالے سے ماضی میں بھی ایک واضح رجحان دیکھا گیا ہے کہ دونوں ٹیموں کے میچوں سے قبل جہاز کے ٹکٹ اور ہوٹل کی ڈیمانڈ میں اضافہ دیکھا جاتا ہے۔ کرکٹ ورلڈ کپ 2023 میں پاک بھارت میچ سے قبل ہوٹل کے کرایوں میں 1550 فیصد اضافہ دیکھا گیا تھا۔ آخری لمحات میں دبئی میں بھی یہ اضافہ متوقع ہے۔
ایک اور کمپنی کے عہدے دار کہتے ہیں ، بکنگ میں بتدریج اضافہ ہو رہا ہے اور اصلی اضافہ میچ سے قبل دو ہفتوں میں ہوگا۔