بم کی اطلاع پر بھارتی مسافر طیارے کی ممبئی میں ہنگامی لینڈنگ

کویت سے حیدرآباد جانے والی بھارتی انڈیگو پرواز کو بم سے اڑانے کی دھمکی ملنے کے بعد ممبئی ایئرپورٹ پر ایمرجنسی لینڈنگ کرائی گئی۔ پرواز سکس ای 1234 تلنگانہ کے شہر حیدرآباد کی جانب روانہ تھی کہ دورانِ پرواز ایک ای میل کے ذریعے دہلی ایئرپورٹ کو دھمکی موصول ہوئی، جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ طیارے میں ایک “ہیومن بم” موجود ہے۔

ای میل ملتے ہی ایوی ایشن حکام فوری حرکت میں آئے اور جہاز کے عملے کو تمام حفاظتی اقدامات کی ہدایت کی گئی۔ ممبئی میں لینڈنگ سے قبل اسپتالوں اور ریسکیو اداروں کو بھی الرٹ رہنے کا حکم دیا گیا۔ جہاز—جو ایک ایئربس ماڈل ہے—کویت سے رات ایک بج کر 56 منٹ پر روانہ ہوا اور صبح آٹھ بج کر 10 منٹ پر ممبئی ایئرپورٹ پر بحفاظت اتار لیا گیا۔

لینڈنگ کے بعد مسافروں کو محفوظ مقام پر منتقل کر کے طیارے کی مکمل چیکنگ شروع کی گئی۔ کمپنی کے ترجمان نے بیان میں کہا کہ دھمکی ملتے ہی تمام متعلقہ حکام کو مطلع کیا گیا اور حفاظتی پروٹوکول کے مطابق کارروائی کی گئی۔

واضح رہے کہ اس سے قبل 23 نومبر کو بھی اسی نوعیت کی بم کی اطلاع ملنے پر بحرین سے آنے والی ایک پرواز کو ممبئی کی طرف موڑ کر ہنگامی لینڈنگ کرانی پڑی تھی

Author

اپنا تبصرہ لکھیں