‘یہ موجودہ نسل کی محبت کی زبان میں بات کرتی ہے’، کلٹ فلم لیلیٰ مجنوں کے بعد امتیاز علی اور اکتا کپور ایک اور رومانوی فلم پر کام کر رہے ہیں

معروف بھارتی فلم ساز امتیاز علی نے اعلان کیا ہے کہ وہ ٹیلی وژن کی معروف پروڈیوسر اکتا کپور کے ساتھ مل کر نئی فلم “ہیر رانجھا” پر کام کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ فلم موجودہ نسل کی محبت کی زبان میں بات کرتی ہے، لیکن اس کی جڑیں ایک لازوال اور ابدی جذبے سے جڑی ہوئی ہیں۔

امتیاز علی اور ایکتا کپور اس سے قبل فلم لیلیٰ مجنوں میں کامیاب اشتراک کر چکے ہیں، جسے بعد ازاں کلٹ حیثیت حاصل ہوئی۔ “ہیر رانجھا” اسی رومانوی سلسلے کا دوسرا باب قرار دی جا رہی ہے، جو کلاسیکی محبت کی روایت کو نئی شکل میں آگے بڑھائے گی اور ناظرین کے ساتھ گہرے جذباتی رشتے کو مزید مضبوط کرے گی۔

فلم کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے امتیاز علی نے کہا ہےکہ “ہیر رانجھا” کی اپنی ایک دنیا اور مخصوص ردھم ہے۔ ان کے مطابق یہ فلم آج کی نسل کے انداز میں محبت کا اظہار کرتی ہے، لیکن اس کی بنیاد ایک دائمی اور اٹل جذبے پر ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اکتا کپور کے ساتھ دوبارہ کام کرنا ایک فطری تسلسل محسوس ہوتا ہے، کیونکہ دونوں کے درمیان جذباتی ہم آہنگی موجود ہے۔

یہ فلم کلاسیکی رومانویت سے متاثر ہے، تاہم اسے موجودہ دور کے تقاضوں کے مطابق ڈھالا جا رہا ہے۔ فلم کی ہدایت کاری ساجد علی کریں گے اور جلد اس کی شوٹنگ شروع ہونے والی ہے۔ پروڈکشن کی ذمہ داری شوبھا کپور، اکتا کپور اور پریتی علی کے پاس ہوگی، جبکہ امتیاز علی اسے پیش کریں گے۔

اکتا کپور نے اس موقع پر کہا کہ امتیاز علی اور ساجد علی محبت کو سچائی اور گہرائی کے ساتھ پیش کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے یاد دلایا کہ “لیلیٰ مجنوں” کو ابتدائی طور پر سینما گھروں میں زیادہ پذیرائی نہیں ملی تھی، لیکن دوبارہ ریلیز کے بعد اسے غیر معمولی مقبولیت حاصل ہوئی اور وہ ایک کلٹ کلاسک بن گئی۔ ان کے مطابق “ہیر رانجھا” ایک ایسی محبت کی کہانی ہے جو وقت اور جذبات کی سرحدوں سے آگے جانے کی کوشش کرے گی اور بھارتی شائقین سمیت عالمی ناظرین کے دلوں کو چھونے کی امید رکھتی ہے۔

Author

اپنا تبصرہ لکھیں