پاک-بھارت کشیدگی: یورپی یونین کا خطے میں امن و استحکام برقرار رکھنے پر زور

یورپی یونین کی خارجہ امور کی سربراہ، کاجا کلاس نے پاکستان اور بھارت کے وزرائے خارجہ سے ٹیلیفون پر رابطہ کر کے دونوں ممالک پر زور دیا ہے کہ، وہ تحمل کا مظاہرہ کریں اور کشیدہ صورتحال میں بہتری لانے کے لیے بات چیت کا راستہ اختیار کریں۔
کاجا کلاس نے پاکستان کےوزیر خارجہ، اسحٰق ڈار اور بھارتی وزیر خارجہ، جے شنکر سے الگ الگ گفتگو کرتے ہوئے خطے میں امن و استحکام برقرار رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔
ادھر سوئٹزرلینڈ نے پہلگام حملے کی تحقیقات میں تعاون کی خواہش ظاہر کی ہے، جب کہ یونان نے پاکستان کی جانب سے آزاد اور شفاف تحقیقات کی تجویز کی حمایت کا اعادہ کیا ہے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق، وزیر خارجہ اسحٰق ڈار نے سوئس اور یونانی وزرائے خارجہ سے بھی ٹیلیفونک رابطہ کیا، جس میں انہوں نے بھارت کے الزامات اور بیانیے کو مسترد کرتے ہوئے سندھ طاس معاہدے کو معطل کرنے کے بھارتی فیصلے پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔
سوئس وزیر خارجہ نے پاکستان کی جانب سے تحقیقات کی پیشکش کو سراہا اور تعاون کی خواہش ظاہر کی، جبکہ یونانی وزیر خارجہ نے علاقائی امن کے لیے مذاکرات کی اہمیت پر زور دیا۔
یاد رہے کہ، یونان، جو اس وقت اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی صدارت سنبھال چکا ہے، پہلے ہی کہہ چکا ہے کہ، اگر پاک بھارت کشیدگی میں اضافہ ہوا تو سلامتی کونسل کا اجلاس طلب کیا جا سکتا ہے۔
یونان کے اقوام متحدہ میں سفیر، انجیلوس سیکیریس نے نیویارک میں صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ، سلامتی کونسل کے کام کے شیڈول میں پاک بھارت کشیدگی پر غور ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ، اگر کسی فریق کی جانب سے اجلاس کی باضابطہ درخواست پیش کی گئی تو اسے سنجیدگی سے لیا جائے گا، کیونکہ ایسی نشست کشیدگی کم کرنے میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے۔

Author

اپنا تبصرہ لکھیں