‘کراچی اور ڈھاکا کے درمیان براہِ راست پروازیں جنوری میں شروع ہو جائیں گی’، پاکستانی ہائی کمشنر کی بنگلادیش کے چیف ایڈوائزر سے ملاقات

بنگلہ دیش میںپاکستان کے ہائی کمشنر عمران حیدر نے پیر کے روز چیف ایڈوائزر پروفیسر ڈاکٹر محمد یونس سے ملاقات کے دوران امید ظاہر کی کہ کراچی اور ڈھاکا کے درمیان براہِ راست پروازیں جنوری میں شروع ہو جائیں گی۔

بنگلادیشی قیادت کی جانب سے ایکس پر جاری بیان کے مطابق، ملاقات میں دونوں فریقین نے تجارت، سرمایہ کاری اور ہوا بازی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا، جبکہ ثقافتی، تعلیمی اور طبی تبادلوں کو وسعت دے کر دونوں جنوبی ایشیائی ممالک کے باہمی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر بھی زور دیا گیا۔

عمران حیدر نے اس موقع پر بتایا کہ گزشتہ سال کے مقابلے میں دوطرفہ تجارت میں 20 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے اور دونوں ممالک کی کاروباری برادریاں نئی سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کر رہی ہیں۔ انہوں نے ثقافتی تبادلوں میں نمایاں اضافے کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ بنگلہ دیشی طلبہ پاکستان میں اعلیٰ تعلیم، خصوصا میڈیکل سائنسز، نینو ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت کے شعبوں میں گہری دلچسپی لے رہے ہیں۔

پاکستانی ہائی کمشنر کے مطابق، پاکستان کے اسپتالوں میں جگر اور گردے کی پیوندکاری کے لیے آنے والے مریضوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیوندکاری سے متعلق طبی شعبوں میں تربیت اور تعلیمی مواقع فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ پروفیسر محمد یونس نے دونوں ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے روابط کا خیرمقدم کیا اور سارک کے رکن ممالک کے مابین دوروں، ثقافتی و تعلیمی سرگرمیوں اور عوامی سطح پر روابط میں اضافے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے بنگلہ دیش اور پاکستان کے درمیان تجارت کو مزید فروغ دینے کی ضرورت بھی اجاگر کی۔

پروفیسر یونس نے امید ظاہر کی کہ موجودہ ہائی کمشنر کے دورِ تعیناتی میں دونوں ممالک سرمایہ کاری اور مشترکہ منصوبہ جات کے لیے نئے راستے تلاش کریں گے۔

واضح رہے کہ اگست میں نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے بھی پروفیسر محمد یونس سے ملاقات کی تھی۔ ڈھاکا کے اس تاریخی دورے کے دوران دونوں ممالک نے جنوبی ایشیائی تعاون تنظیم (سارک) کے ذریعے علاقائی تعاون کو بحال کرنے کی ضرورت پر زور دیا تھا۔ دفتر خارجہ نے بنگلہ دیش میں 13 برس بعد کسی پاکستانی وزیر خارجہ کے پہلے دورے کو دوطرفہ تعلقات میں ایک اہم سنگِ میل قرار دیا تھا۔

اس سے ایک ماہ قبل، پاکستان اور بنگلہ دیش نے سفارتی اور سرکاری پاسپورٹس رکھنے والوں کو ویزا فری داخلے کی سہولت دینے پر بھی اتفاق کیا تھا، جب وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ڈھاکا کا دورہ کیا تھا

Author

  • The standard lorem ipsum passage has been a printer's friend for centuries. Like stock photos today, it served as a placeholder for actual content. The original text comes from Cicero's philosophical work "De Finibus Bonorum et Malorum," written in 45 BC.

اپنا تبصرہ لکھیں