پاکستان کرکٹ بورڈ نے بنگلہ دیش کے خلاف ون ڈے سیریز کے لیے پندرہ رکنی اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ سیریز تین میچوں پر مشتمل ہوگی جو 11 سے 15 مارچ تک بنگلہ دیش میں کھیلی جائے گی ۔ سیریز کے تینوں میچ ڈھاکا کے شيرِ بنگلا نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔
ٹیم کی قیادت لفٹ آرم فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کریں گے۔ اسکواڈ میں چھ ایسے کھلاڑی بھی شامل کیے گئے ہیں جنہوں نے اب تک ون ڈے کرکٹ میں پاکستان کی نمائندگی نہیں کی۔ ان نئے کھلاڑیوں میں عبدالصمد، معاذ صداقت، محمد غازی غوری، سعد مسعود، صاحبزادہ فرحان اور شمیل حسین شامل ہیں۔
ان میں سے عبدالصمد، معاذ صداقت، سعد مسعود اور شمیل حسین حال ہی میں ابو ظہبی میں انگلینڈ لائنز کے خلاف کھیلنے والی پاکستان شاہینز ٹیم کا حصہ تھے، جہاں انہوں نے اپنی کارکردگی سے توجہ حاصل کی تھی۔
پندرہ رکنی اسکواڈ میں کپتان شاہین شاہ آفریدی کے علاوہ عبدالصمد، ابرار احمد، فہیم اشرف، فیصل اکرم، حارث رؤف، حسین طلعت، معاذ صداقت، محمد رضوان (وکٹ کیپر)، محمد وسیم جونیئر، محمد غازی غوری (وکٹ کیپر)، سعد مسعود، صاحبزادہ فرحان، سلمان علی آغا اور شمیل حسین شامل ہیں۔
سیریز کے شیڈول کے مطابق، پاکستانی ٹیم 8 مارچ کو بنگلہ دیش پہنچے گی جبکہ 10 مارچ کو پریکٹس سیشن ہوگا۔ پہلا ایک روزہ میچ 11 مارچ، دوسرا 13 مارچ اور تیسرا 15 مارچ کو ڈھاکا کے شيرِ بنگلا نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔