مشرق وسطیٰ میں کشیدہ صورتحال کے پیشِ نظر ازبکستان کا متعدد ممالک کے لیے مقامی اور بین الاقوامی پروازیں منسوخ کرنے کا اعلان

ازبکستان ایئر ویزنے موجودہ علاقائی صورتحال کے پیش نظر مشرقِ وسطیٰ کے متعدد ممالک کے لیے اپنی پروازیں عارضی طور پر معطل کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ ایئرلائن کی جانب سے جاری سرکاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ازبکستان کے تمام ہوائی اڈوں سے سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، قطر، ایران، کویت اور اسرائیل جانے والی پروازیں فی الحال روک دی گئی ہیں۔ یہ پابندی مقامی اور غیر ملکی دونوں ایئرلائنز پر لاگو ہوگی۔

بیان کے مطابق، وہ مسافر جو 28 فروری 2026 سے پہلے ان ممالک کا سفر کر چکے ہیں، انہیں واپس لانے کے لیے خصوصی پروازیں چلائی جاتی رہیں گی۔ ایئرلائن نے واضح کیا ہے کہ ان خصوصی پروازوں سے متعلق معلومات صرف اس کے سرکاری دفاتر اور آفیشل ویب سائٹس پر موجود ہاٹ لائن نمبرز کے ذریعے ہی فراہم کی جائیں گی۔

ازبکستان ایئرویز نے مسافروں کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ وہ کسی بھی قسم کی غلط فہمی یا مالی نقصان سے بچنے کے لیے صرف مستند اور سرکاری ذرائع سے معلومات حاصل کریں اور غیر تصدیق شدہ ایجنٹس یا ذرائع پر انحصار نہ کریں۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ معمول کی پروازوں کی بحالی کا فیصلہ خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال اور فضائی سلامتی کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا جائے گا۔

Author

اپنا تبصرہ لکھیں